Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Sunday, 15 november, 2009, 08:25 GMT 13:25 PST

ناظم کےگھر پر حملہ، تین حملہ آور ہلاک

پشاور میں اس سے قبل بھی ایک ضلعی ناظم کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں یونین کونسل کے ناظم کے گھر کے سامنے ان کے محافظوں نے فائرنگ کرکے تین نامعلوم برقعہ پوشوں کو ہلاک کردیا ہے۔ لاشوں کو بعد میں پولیس نے تھانے منتقل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کی صُبح آٹھ بجے کے قریب شہر سے کوئی چار کلومیٹر دور بڈہ بیر کے علاقے میں یونین کونسل کے ناظم محمد فہیم کے محافظوں نے اس وقت فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک کردیا جب وہ ناظم کے گھر کی طرف آ رہے تھے۔

پولیس اہلکار شاہ جہاں نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ ہلاک ہونے والے کون ہیں البتہ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری طرف یونین کونسل کے ناظم محمد فہیم نے بی بی سی کو بتایا کہ تینوں برقعہ پوش جب ان کے گھر کے سامنے پہنچے تو انہوں نے ان کے گھر پر حملہ کر دیا بعد میں ان کے محافظوں اور علاقے کے لوگوں نے جوابی کارروائی میں تینوں کو مار ڈالا۔

انھوں نے بتایا کہ تینوں کا تعلق لشکر اسلام سے ہے اور وہ خیبر ایجنسی باڑہ کے رہائشی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تین مرتبہ پہلے بھی لشکر اسلام سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے ان کے گھر پر حملے کیے ہیں اور ایک حملے میں وہ بال بال بچ گئے تھے۔

اس سے پہلے پشاور کے نوحی علاقے متنئی میں ایک ناظم پر خودکش حملہ ہوا تھا۔جس کے نتیجے میں ناظم عبدالمالک سمیت تیرہ افراد ہلاک جبکہ پچیس زخمی ہوگئے تھے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔