
انتخابات کے دوران اڑھائی سو کے قریب پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا
گلگت بلتستان میں پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی رات کو قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر دو حریف امیدواروں کے حمایتیوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں ضلع دیامر کے دریل علاقے میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیدوار اور آزاد امیدوار کے حمایتیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے آزاد امیدوار کے حمایتی تھے جبکہ زخمی ہونے والوں کا تعلق جمعیت علماء اسلام سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات کے پونے نو بجے پیش آیا۔پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس سلسلے میں کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
گلگت بلتستان کے حکام کا کہنا ہے کہ اس پرتشدد واقعہ کے علاوہ علاقے میں انتخابات کے دوران مجموعی طور پر صورت حال پُر امن رہی اور کہیں اور سے کسی بڑے نا خوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
جمعرات کے روز گلگت بلتستان میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ہوئے۔یہ انتخابات تئیس نشستوں پر ہوئے اور ایک امیدوار کے انتقال کے باعث ایک نشست پر انتخابات ملتوی کردئے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات کے موقع پر امن و امان قائم رکھنے کے لیے پولیس اور نیم فوجی دستوں کے پانچ ہزار اہلکار تعینات کئے گئے تھے اور فوج کے جوان بھی علاقے میں گشت کرتے رہے۔
© MMIX