Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 11 november, 2009, 14:22 GMT 19:22 PST

’مزید سازوسامان، تعاون فراہم کیا جائے‘

فائل فوٹو، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی

پاکستان میں اپنی ساکھ بہتر بنانے کے لیے امریکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کردے: وزیر اعظم

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی مدد کے لیے مزید سازوسامان اور تعاون فراہم کیا جائے۔

انھوں نے بدھ کو اسلام آباد میں امریکی کانگریس کے ارکان سے ملاقات کے دوران کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث متاثر ہونے والی پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے امریکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرے، پاکستانی مصنوعات کی امریکہ تک رسائی آسان بنائے، اس جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کو امریکہ میں تعلیم کے مواقع فراہم کرے اورافغانستان میں تعینات اپنی افواج سے کہے کہ وہ پاکستانی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کریں۔

پاکستان میں موجود امریکی کانگریس کے ارکان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ پاکستان اور پاکستانیوں نے شدت پسندی کے خاتمے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں اور امریکہ کو اس لڑائی میں پاکستان کی مدد کے لیے مزید سازوسامان اور تعاون دینا چاہیے۔

’پاکستانی شہداء کے بچوں کو تعلیمی وضائف دینے سے خطے میں امریکہ کے لیے اچھے جذبات پیدا ہوں گے اور قربانیاں دینے والی پولیس، ایف سی اور فوج کے حوصلے بلند ہوں گے۔‘

جان ٹائیرنی کی سربراہی میں امریکی وفد سے ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف جاری فوجی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پاکستانی فورسز کو سازوسامان کی فوری ضرورت ہے۔

افغانستان اور پاکستان کے لیے نئی پالیسی بناتے ہوئے پاکستان کو اعتماد میں لینا بہت ضروری ہے۔اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ افغانستان میں مزید امریکی فوجیوں کے منفی اثرات سے پاکستان اور بالخصوص صوبہ بلوچستان کو محفوظ رکھا جائے

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی

’اس کے علاوہ اس کارروائی کو ٹھوس اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے پاکستانی سرحد کے اس پار( افغانستان میں) موجود امریکی اور اتحادی افواج کے پاکستانی فورسز کے ساتھ انٹیلی جنس تبادلے کو بھی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے لیے نئی پالیسی بناتے ہوئے پاکستان کو اعتماد میں لینا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ افغانستان میں مزید امریکی فوجیوں کے منفی اثرات سے پاکستان اور بالخصوص صوبہ بلوچستان کو محفوظ رکھا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف پاکستان کےسرحدی علاقوں میں جاری لڑائی کو کامیاب بنانے کے لیے افغانستان کے ساتھ سرحد کو اسلحہ، منشیات اور رقوم کی غیر قانونی منتقلی سے پاک کرنا نہایت ضروری ہے۔

وزیراعظم نے امریکی وفد کو تجویز پیش کی کہ پاکستان میں اپنی ساکھ بہتر بنانے کے لیے امریکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کردے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔