
پاکستان کے مرکزی بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں تقریباً تین ارب نو کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان آیا ہے
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں کے دوران تین ارب ڈالر سے زیادہ کا زرمبادلہ وطن بھیجا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق یہ زرمبادلہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہونے والی رقم سے 744 ملین ڈالر یا تقریباً 31 فیصد زیادہ ہے۔
پاکستان کے مرکزی بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں یعنی جولائی تا اکتوبر میں متحدہ عرب امارات، امریکہ، سعودی عرب، جی سی سی ممالک (بشمول بحرین، کویت، قطر اور سلطنت عمان)، برطانیہ اور یورپی ملکوں سے تقریباً تین ارب نو کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ وطن آیا۔ اس میں سب سے زیادہ زرمبادلہ متحدہ عرب امارات سے آیا جس کی مالیت 679 ملین ڈالر بنتی ہے۔
اسی طرح امریکہ سے 653 ملین ڈالر، سعودی عرب سے 573 ملین ڈالر، جی سی سی ممالک سے 435 ملین ڈالر، برطانیہ سے 316 ملین ڈالر اور یورپی یونین کے ملکوں سے 102 ملین ڈالر کا زرمبادلہ موصول ہوا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ جولائی تا اکتوبر 2009 کے عرصے میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے اوسطاً 772 ملین ڈالر ماہانہ ترسیلات زر بھیجی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ملنے والی 586 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کے مقابلے میں تقریباً 32 فیصد زیادہ ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان، وزارت خزانہ اور سمندر پار پاکستانیوں کے امور کی وزارت نے حال ہی میں قانونی ذرائع سے ترسیلات زر کی منتقلی کی سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے مشترکہ اقدامات کیے ہیں جس کے نتیجے میں قانونی ذرائع سے زرمبادلہ کی منتقلی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ موجودہ حکومت نے حوالہ جیسے غیرقانونی ذرائع کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے زرمبادلہ کی تجارت کرنے والی کئی کمپنیوں کے خلاف اقدامات کیے ہیں اور ان کے مالکان کو گرفتار کر کے مقدمات بھی قائم کیے ہیں۔
© MMIX