Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 11 november, 2009, 09:12 GMT 14:12 PST

سکیورٹی: نجی سکولوں نے فیس بڑھا دی

تعلیمی اداروں کے باہر خاردار تاریں، کلوز سرکٹ کمیرے، واک تھرو گیٹس اور سکیورٹی گارڈز کو جدید اسلحہ کی فراہمی کی جائے گی

امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع نجی تعلیمی اداروں نے ایک مرتبہ پھر زیر تعلیم طلباء کی ماہانہ فیسوں میں دو سو سے چھ سو روپے کا اضافہ کردیا ہے۔

اس سے پہلے بھی کچھ ماہ قبل طلباء کی فیسوں میں سکیورٹی کے نام پر اضافہ کیا گیا تھا۔

نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی طرف سے زیر تعلیم طلباء کے والدین کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گُزر رہا ہے اور ان حالات میں سکول چلانا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے حالات میں بھی سکول کُھلے رہنے چاہیئں تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو تاہم اس کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا جس کے لیے نجی تعلیمی ادراروں کی سکیورٹی میں اضافہ ناگُزیر ہوگیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ شدت پسندی کے واقعات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے باہر خاردار تاریں لگانے کے علاوہ کلوز سرکٹ کمیرے، واک تھرو گیٹس اور سکیورٹی گارڈز کو جدید اسلحہ کی فراہمی بھی شامل ہے۔

ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے زیر تعلیم طلباء کی فیسوں میں ماہانہ دو سو سے چھ سو روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے والدین جو اپنے بچوں کو لینے کے لیے آتے ہیں اُن کو گیٹ پر چیک کیا جائے گا تاہم اُنہیں سکول کی عمارت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسلام آباد میں قائم متعدد تعلیمی اداروں کی برانچیں راولپنڈی سمیت ملک کے دوسرے شہروں میں بھی ہیں اور فیسوں میں اضافے کا اطلاق دوسری برانچوں پر بھی ہوگا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد اسلام آباد میں تمام نجی اور سرکاری سکول بند کر دیے گئے تھے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے مالکان نے اُن کی اجازت کے بغیر طلباء اور طالبات کی ماہانہ فیسوں میں اضافہ کیا ہے۔ اسلام آباد کی انتظامیہ کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن چوہدری محمد علی کے مطابق جلد ہی نجی تعلیمی اداوروں کی انتظامیہکا اجلاس طلب کیا جائے گا اور فیسوں میں اضافے کے معاملے کو بھی اُٹھایا جائے گا۔

اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی آپریشنز طاہر عالم کا کہنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار نجی سکولوں میں کیے جانے والے سکیورٹی کے انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے ہیں۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کیے جانے والے ایک سروے کے مطابق اس وقت شہر میں نجی تعلیمی اداروں کی تعداد تین سو کے قریب ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔