
انتخابات کے دوران اڑھائی سو کے قریب پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے
گلگت بلتستان کی چوبیس رکنی اسمبلی کی تئیس نشستوں کے لیے انتخابات کی پولنگ مکمل ہو گئی ہے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
موجودہ حکومت میں نیا آئینی درجہ ملنے کے بعدگلگت بلتستان میں پہلی مرتبہ انتخابات ہو رہے ہیں۔ چوبیس میں سے تئیس نشستوں پر انتخاب کے لیے ووٹ ڈالےگئے جب کہ ایک نشست پر امیدوار کے انتقال کی وجہ سے انتخاب نہیں ہو رہے ہیں۔
ان انتخابات کے لیے نو سو بیاسی کے قریب پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے اڑھائی سو کے قریب پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب انتخابی مہم بند کر دی تھی۔
اس وقت تئیس نشستوں کے لیے انتخاب میں ڈھائی سو سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں چورانوے امیدواروں کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے۔ سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی ، پاکستان مسلم لیگ نواز، مسلم لیگ قائد اعظم، متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی نمایاں ہیں۔
© MMIX