Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Tuesday, 10 november, 2009, 16:00 GMT 21:00 PST

گلگت بلتستان میں انتخابی مہم ختم

گلگت

گلگت بلتستان کا اپنا گورنر اور وزیراعلیٰ ہوگا

گلگت اور بلتستان میں موجودہ حکومت کی نافذ کردہ اصلاحات کے بعد پہلی بار قائم کردہ چوبیس رکنی اسمبلی کے انتخاب کے لیے انتخابی سرگرمیاں منگل کو ختم ہوگئی ہیں۔

گلگت بلتستان کی چوبیس رکنی اسمبلی میں سے تیئس نشستوں کے لیے بارہ نومبر کو پولنگ ہوگی۔ ایک نشست کے امیدوار کے انتقال کی وجہ سے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔ تئیس نشستوں کے لیے انتخاب میں ڈھائی سو سے زیادہ امیدواروں حصہ لے رہے ہیں جن میں چورانوے امیدواروں کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے۔

تئیس نشستوں کے انتخاب میں سات لاکھ ستر ہزار سے زیادہ ووٹر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے سات سو دس پولنگ سٹیشن قائم کیے ہیں جن میں سے ڈیڑھ سو سے زیادہ پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ادھر پاکستان کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے منگل کو سکردو میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے متعدد انتظامی، ترقیاتی اور امدادی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے سکردو کے ہوائی اڈے کا درجہ بڑھا کر انٹرنیشنل ہوائی اڈہ بنانے اور شِگر، گُلتری اور خارمنگ کے علاقوں کو اضلاع بنانے کا اعلان کیا۔ شِگر وادی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروں میں کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔

وزیراعظم نے سکردو کے ہوائی اڈے کا درجہ بڑھا کر انٹرنیشنل ہوائی اڈہ بنانے اور شِگر، گُلتری اور خارمنگ کے علاقوں کو اضلاع بنانے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلگت اور بلتستان کو پہلے شمالی علاقہ جات کہا جاتا رہا لیکن حکومتی اصلاحات کے بعد اس خطے کو اپنی شناخت ملی ہے۔ ان کے مطابق گلگت بلتستان کا اپنا گورنر اور وزیراعلیٰ ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا انتخاب چوبیس رکنی اسمبلی کرے گی۔ اس اکائی کا اپنا بجٹ ہوگا، الیکشن کمیشن، آڈیٹر جنرل اور دیگر حکام بھی اس علاقے کے اپنے ہوں گے۔

وزیر اعظم نے رواں سال دو سو سکول اور ایک سو ڈسپینسریز کو فعال بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے طلباء کے لیے دس کروڑ کی لاگت سے تینتیس بسیں فراہم کی ہیں اور ہدف کے مطابق یہ بعد میں بڑھا کر ایک سو بسیں کر دی جائیں گی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ کم سے کم چھ ہزار روپے کرنے اور گریڈ ایک سے پندرہ کے ملازمین کو ہل یا یعنی پہاڑی الاؤنس دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں اسلام آباد پولیس کے برابر کرنے اور پانچ ہزار نئے پولیس اہلکار بھرتی کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان کے مطابق پانچ ہزار کی آسامیوں کا کوٹہ تمام اضلاع کے لیے مختص کیا جائے گا۔

انہوں نے ہر ضلع کی ہسپتال میں مفت کھانا فراہم کرنے اور ہر ضلع میں چار سے چھ سال کے یتیم بچوں کے لیے سوئیٹ ہوم بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے پاکستان کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے والے پروگرام اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ گلگت بلتستان تک پھیلانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں چالیس ہزار میگا واٹ ہائیڈل بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے اور حکومت پہلے ہی بھاشا دیامیر اور بونجی ڈیم بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔