Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Monday, 9 november, 2009, 08:18 GMT 13:18 PST

لاہور میں قحبہ خانوں کیخلاف آپریشن شروع

قحبہ خانے دہشت گردی سمیت دوسرے سنگین جرائم کے اڈے بن چکے ہیں: پرویز راٹھور

لاہور پولیس کے مطابق لاہور میں قحبہ خانے دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں اور ان کے خلاف دہشت گردی کے ایکٹ کے تحت اتوار اور پیر کی درمیانی شب کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

لاہور پولیس چیف محمد پرویز راٹھور کا کہنا ہے کہ چار سو پینتالیس قحبہ خانوں اور ان مالکان کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن شروع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ یہ قحبہ خانے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو پناہ گاہیں فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خفیہ پولیس کے اہلکاروں کو ان قحبہ خانوں پر تعینات کیا گیا تھا اور ان کی سرگرمیوں اور نقل وحرکت کا بغور جائزہ لیا گیا اور ٹیلیفون کالوں کو ٹریس کرنے کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا کہ ناصرف قحبہ خانے دہشت گردی سمیت دوسرے سنگین جرائم کے اڈے بن چکے ہیں بلکہ یہاں پر شہر کے امن وامان کو ختم کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

لاہور پولیس کی جانب سے بھیجی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق لاہور پولیس چیف محمد پرویز راٹھور نے پولیس کے افسران سے ایک اجلاس میں کہا کہ شہر میں ایسے سینکڑوں ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز موجود ہیں جن میں کئی جرائم پیشہ افراد کا آنا جانا ہے اور ان کا نہ تو کوئی شناختی کارڈ دیکھا جاتا ہے اور نہ اس کا اندراج کیا جاتا ہے یعنی ان کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھا جاتا۔ ان ٹھکانوں پر دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث افراد، اغواء برائے تاوان لینے والے ملزمئی ڈاکو، چور اور کئی دوسرے جرائم میں ملوث افراد لوٹی ہوئی رقم سے عیاشی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز پر بھی چھاپے مارے جائیں گے اور ان کے خلاف قانون کا شکنجہ کسا جائے گا۔

پولیس چیف کے بقول ان قحبہ خانوں میں ہونے والی سرگرمیوں سے مبینہ طور پر بعض پولیس اہلکار آگاہ ہیں اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ بعض پولیس اہلکار ان سرگرمیوں کی سر پرستی کرتے ہیں۔انہوں نے ایسے پولیس افسروں کو شدید تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس میں ایسی کالی بھیڑوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

پولیس کے اعداد وشمار کے مطابق لاہور میں ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں 128 قحبہ خانے ہیں۔ صدر کے علاقے میں چھیانوے، سٹی ڈویژن میں پجھتر، اقبال ٹاؤن میں باون، سول لائنز ڈویژن میں بھی باون اور کینٹ کے علاقے میں بیالیس قحبہ خانے ہیں۔

لاہور پولیس کی اس پریس ریلیز میں ان قحبہ خانوں کے پتے اور ان کے مالکان کی تفصیلات بھی دی گئیں ہیں۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔