
یوسف رضا گیلانی لاہور میں اخبار نویسوں سے بات کر رہے تھے
وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ قومی مفاہمتی آرڈیننس یا این آر او پر حکومت کو پسپائی ہوئی ہے۔ ان کے بقول حزب مخالف اور اتحادی جماعتوں کی رائے کا احترام کرتے ہوئے این آر او کا بل پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا گیا اس لیے یہ کسی کی شکست یا فتح نہیں ہے
لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ این آر او سے فائدہ اٹھانے والوں کے ناموں کی فہرست جب پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی تو اس وقت ان افراد کے نام سامنے آجائیں گے۔ان کے بقول این آر او کا معاملہ ختم ہوگیا ہے ۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کیری لوگر بل پر کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا اس لیے امداد لینے یا نہ لینے کے حوالے سے کوئی قدغن نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ بطور وزیر اعظم یہ یقین دلاتے ہیں کہ قومی مفاد، سلامتی اور جوہری اثاثوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے ساتھ دوران ان سے بلوچستان پیکیج پر ہوگی ۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کو حل ہونا چاہئے۔
یوسف رضا گیلانی نے اس موقف کا اعادہ کیا کہ مثیاق جمہوریت پر عمل کیا جائے اور ستردہویں ترمیم کا خاتمہ بھی اسی مثیاق جمہوریت میں شامل ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے مفاہمت کی سیاست کے تحت تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا ۔
© MMIX