Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Saturday, 7 november, 2009, 18:34 GMT 23:34 PST

’این آر او ہمیشہ کے لیے دفن ‘

یوسف رضا گیلانی

این آر او کے معاملے میں پارلیمنٹ کی رائے کا احترام کیا گیا

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی مفاہمتی آرڈیننس یعنی این آر او ہمیشہ کے لیے دفن ہوچکا ہے۔ یہ بات انہوں نےسینچر کو لاہور کے قریبی قبصے پتوکی میں پاور پلانٹ کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ این آر او کو عدالتی فیصلے کی روشنی میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا تھا لیکن ارکان پارلیمنٹ کی رائے کا احترام کرتے ہوئے اسے پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا گیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا این آر او ہمیشہ کے لیے دفن ہوچکا ہے یا پھر اس کے متبادل کوئی نیا قانون لایا جائے گا تو وزیر اعظم نے جواب دیا کہ این آر او ہمیشہ کے لیے دفن ہوچکا ہے۔

صدر پاکستان کی طرف سے آئین کی شق اٹھاون ٹو بی کے تحت اسمبلی کو تحلیل کرنے کا اختیار چھوڑنے کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ اختیار موجودہ حالات میں غیر متعلقہ ہوچکا ہے کیونکہ ملک میں عدلیہ فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اختیار استعمال ہوتے ہی عدالت میں چیلنج ہوجاتا ہے اس لیے ان کے خیال میں اٹھاون ٹو بی کی افادیت نہیں رہی۔

ایم کیو ایم سے تعلقات کے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم ان کی اتحادی جماعت ہے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلاف رائے ہوسکتا ہے تاہم اس وقت ایم کیو ایم کو حکومت سے کوئی تحفظات نہیں ہیں اور اگر کوئی تحفظات ہوئے تو بقول ان کے انہیں دور کردیا جائے گا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اعتزاز احسن سے صدر آصف زرداری کی ملاقات کے بارے میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اعتزاز احسن کی ان سے اور صدر پاکستان سے ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن پیپلز پارٹی میں ہیں اور وہ پیپلز پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاقات میں اعتزاز کو کوئی عہدہ دینے کے موضوع پر بات نہیں ہوئی ۔

ایک سوال پر انہوں نے وزیرستان میں فوجی آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور یہ آپریشن بہت جلد مکمل ہوجائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔