
ممبئی حملوں کے حوالے سے اس وقت سات ملزمان گرفتار اور سات مفرور ہیں
ممبئی حملوں کے حوالے سے راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے آج ملزمان کے وکیل کی درخواست قبول کر لی ہے جس میں انھوں نے چارج شیٹ کی ایک کاپی کا مطالبہ کیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں جاری اس کیمرہ سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک کے جج اکرم اعوان نے ملزمان کی درخواست منظور کر لی ہے۔ اس درخواست میں ملزمان کے وکیل نے کہا ہے کہ ملزمان پر عائد مقدمات کی چارج شیٹ کی ایک کاپی ان کے حوالے کی جائے ۔ یہ درخواست ملزمان کی جانب سے گزشتہ سماعت کے دوران جمع کرائی گئی تھی۔
جج نے آئندہ سماعت کے لیے چودہ نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ممبئی حملوں کے حوالے سے اس وقت سات ملزمان گرفتار اور سات مفرور ہیں۔
یا د رہے اس سے پہلے اس مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر دو میں ہو رہی تھی جس پر ملزمان نے لاہور ہائی کورٹ سے رابطہ کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے ملزمان کے وکیل کی درخواست پر مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک میں منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس کے علاوہ آج راولپنڈی کی ایک عدالت نے ہائی کورٹ حملے کے مقدمے کے سلسلے میں وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف اور ان کے تین ساتھیوں کے پانچویں مرتبہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
ہائی کورٹ حملے کے حوالے سے مقدمہ ایئرپورٹ تھانے میں درج ہوا تھا۔ اس مقدمے کی آئندہ سماعت اب اکیس نومبر کو ہوگی۔
© MMIX