
زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا
پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو عام شہری ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سنیچر کی صبح آٹھ بجے کے قریب مہمند ایجنسی کے صدر مقام غلنئی سے قریباً چالیس کلومیٹر دور شمال؛مشرق کی جانب حد کاسئی میں پیش آیا۔
حکام کے مطابق بارودی سرنگ کا نشانہ بننے والے افراد ایک پک اپ گاڑی میں سوار تھے جو گاؤں سے بازار کی طرف جا رہی تھی۔
پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد علاقے کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کارروائی کی اور لاشوں اور زخمیوں کو ان کے آبائی علاقے میں موجود ہسپتال تک پہنچایا۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں عام شہریوں کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل ایجنسی کی تحصیل خودئیزئی میں باراتیوں کی ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرائی تھی جس کے نتیجہ میں سولہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
© MMIX