
پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے شدت پسند ہلاک ہوئے
پاکستان کے صوبہ سرحد کے ضلع مانسہرہ میں پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو شدت پسند ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس نے شدت پسندوں کی گاڑی سے خودکش جیکٹس اور بارود بھی برآمد کیا ہے۔
مقامی پولیس اہلکار سجاد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ کوگیارہ بجے کے قریب مانسہرہ سے تقریباً چالیس کلومیٹر دور مشرق کی جانب تحصیل بالاکوٹ میں پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان اُس وقت فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جب مانسہرہ کی طرف سے آنے والی گاڑی کو پولیس نے آسہ پُل کے قریب رُکنے کا اشارہ کیا۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ روکے جانے پرگاڑی سے فائرنگ شروع ہو گئی اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے گاڑی میں سوار دونوں شدت پسند مارے گئے جبکہ شدت پسندوں کی فائرنگ سے حوالدار ظفر خان اور کانسٹیبل انجم شاہد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کی گاڑی سے خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں بارود برآمد ہوا ہے۔
پولیس حکام نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم حکام کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ شدت پسندوں کا تعلق کس گروپ سے تھا۔
© MMIX