Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 6 november, 2009, 05:21 GMT 10:21 PST

اسلام آباد: بریگیڈئر کی گاڑی پر حملہ

بریگیڈئر سہیل کو بازو پر گولی لگی ہے: ڈاکٹر نصیر

اسلام آباد میں جمعہ کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک جیپ پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک بریگیڈئر اور ایک لانس نائک زخمی ہوئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں دو ہفتوں میں یہ تیسرے بریگیڈئر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق سیکٹر آئی ایٹ فور کی ڈبل روڈ پر آج صبح ساڑھے نو بجے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے اس وقت شدید فائرنگ کی جب بریگیڈیئر سہیل اپنے مکان سے پراڈو گاڑی میں باہر نکلے تھے۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔ سینیئر سپرینٹنڈنٹ پولیس طاہر ملک نے صحافیوں کو بتایا کہ جس مقام پر فائرنگ کی گئی ہے وہاں سے ایک پستول اور نو گولیوں کے خول ملے ہیں لیکن اب تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پمز ہسپتال میں ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر نصیر نے صحافیوں کو بتایا کہ بریگیڈئر سہیل کو بازو پر گولی لگی ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ان کے ڈرائیور لانس نائک رمضان شدید زخمی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ جیسے ہی بریگیڈئر کی گاڑی جیسے ہی گھر سے نکل کر ڈبل روڈ پر پہنچی تو موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

ایک زیر تعمیر مکان کے پاس موجود لوگوں نے بتایا ہے کہ انھوں نے شدید فائرنگ کی آواز سنی اور اتنے میں ایک گاڑی قریب مکان کی باڑ توڑتی ہوئی اندر گھس آئی جس میں بریگیڈئر اور ان کے ڈرائیور زخمی تھے۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ بریگیڈئر کے ساتھ ایک بچہ بھی تھا لیکن وہ اس حملے میں محفوظ رہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یہ تیسرا حملہ ہے جس میں بریگیڈئر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بائیس اکتوبر کو اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں فوجی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بریگیڈیر معین الدین احمد سمیت دو فوجی ہلاک اور زخمی ہوگیا تھا۔ ستائیس تاریخ کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے بریگیڈئر وقاص کی گاڑی پر فائرنگ کر دی تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔