Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Tuesday, 3 november, 2009, 07:41 GMT 12:41 PST

پنجاب: والد نے چار بچوں کو ذبح کر دیا

فائل فوٹو، پنجاب

ملزم اپنے پورے خاندان کو قتل کرنا چاہتا تھا: پولیس

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ساس بہو کے جھگڑے سے تنگ ایک شخص نے اپنے چار بچوں کو ذبح کردیا ہے۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب قتل کیے جانے والے بچوں کی عمریں دو سے آٹھ برس کے درمیان ہیں۔

مقامی تھانے کے ایس ایچ او منیر احمد کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی والدہ اور بیوی کو بھی قتل کرنا چاہتا تھا لیکن پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گاؤں چک تین سو بتیس جی بی (نئی آبادی) کے رہائشی ملزم عرفان کراچی میں ٹرک اور ٹرالر کے ڈرائیور تھے اور اکثر کام کے سلسلے میں گھر سے باہر رہتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزم جب بھی گھر آتا تو اسے معلوم ہوتا کہ اس کی ماں اور بیوی میں جھگڑا ہواہے۔

مجھے گولی ماردو یا جو بھی سزا دو۔ ہاں میں نے قتل کیا ہے میں ان کی روز روز کی لڑائی کی تنگ آچکاتھا۔

ملزم

ایس ایچ او تھانہ چھتیانہ نے بی بی سی کو بتایا کہ کوئی دوہفتے پہلے وہ جب واپس آیا تو ایک بار پھر گھر میں ساس بہو کی لڑائی کی کشیدگی تھی۔ ملزم نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ایک دن پہلے ایک بار پھر دونوں خواتین میں جھگڑا ہوا تو ملزم نے اپنی بیوی ثمینہ پر تشدد کیا جس پر وہ گھر چھوڑ کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی۔

پولیس کےمطابق ملزم نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اپنے چاروں بچوں کو سبزی کاٹنے والی چھری سے ذبح کردیا۔ہلاک ہونے والوں میں دو بیٹے دوسالہ غفران اور آٹھ سالہ شایان، دو بیٹیاں چارسالہ نور فاطمہ اور چھ برس کی مریم شامل ہیں۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مقامی اخبار کے صحافی طارق سعید نے بتایا کہ ملزم کی والدہ اپنی جان بچانے کے لیے چیخ و پکار کرتی گھر سے باہر نکلی اور قریبی جھنڈ میں پناہ لی۔ا ن کے شور مچانے پر لوگ اکٹھے ہو گئے اور پولیس کو اطلاع کی اور ملزم کو پکڑنے میں پولیس کی مدد کی۔

ملزم نے پولیس کے روبرو اعتراف جرم کرلیا ہے جب کہ پولیس نے ملزم سے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزم نے گرفتاری کے بعد کہا کہ ’مجھے گولی ماردو یا جو بھی سزا دو۔ ہاں میں نے قتل کیا ہے میں ان کی روز روز کی لڑائی کی تنگ آچکاتھا۔‘ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پورے خاندان کو قتل کرنا چاہتا تھا۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔