Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 30 october, 2009, 10:00 GMT 15:00 PST

شیریٹن دھماکہ کیس، تیسرا ملزم بھی بری

شیریٹن دھماکہ

شیریٹن ہوٹل کے باہر دھماکے میں گیارہ فرانسیسی انجنیئروں سمیت سترہ افراد ہلاک ہوئے تھے

کراچی کی ایک عدالت نے شیریٹن بم دھماکے کے مقدمے میں ایک اور ملزم کو بری کر دیا ہے، اس سے پہلے عدالت دو ملزمان کو بری کر چکی ہے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عبدالغفور میمن نے جمعہ کو سماعت کے دوران ثبوتوں کی عدم دستیابی پر ملزم سہیل حبیب عرف خالد کو بری کرنے کا حکم دیا ۔

اس سے پہلے سنہ دو ہزار تین میں عدالت نے سہیل حبیب کو غیر حاضری میں موت کی سزا سنائی تھی اور انہیں تین سال بعد دو ہزار پانچ میں منگھو پیر کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ مئی دو ہزار دو میں کراچی کے شیریٹن ہوٹل کے باہر ایک کار بم دھماکے میں گیارہ فرانسیسی انجنیئروں سمیت سترہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ انجنیئر آگسٹا آبدوز کی تیاری کے لیے پاکستان آئے تھے اور جب وہ ہوٹل سے پاکستان نیوی کی بس میں سوار ہوئے تو بارود سے بھری ہوئی ایک گاڑی ان کی بس سے ٹکرا گئی۔

پولیس نے اس سلسلے میں ملزم آصف ظہیر اور محمد رضوان کو گرفتار کرکے ان کا تعلق کالعدم جہادی تنظیم حرکت المجاہدین سے بتایا تھا۔ تیس جون سنہ دو ہزار تین کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تین ملزمان کو سزائے موت، عمر قید اور تین تین لاکھ رپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ اس سزا کے خلاف ملزم آصف ظہیر اور محمد رضوان نے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی اور عدالت نے انہی بری کر دیا تھا۔

ملزم محمد سہیل کی اپیل پر عدالت نے مقدمے کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا تھا، کئی سال کی تاخیر کے بعد رواں سال ماہ اپریل میں اس مقدمے کی دوبارہ سماعت شروع کی گئی تھی۔ دونوں فریقین کو سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جو جمعہ کو سناگیا۔

محمد سہیل کے وکیل اویس ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ان کے موکل پر اب کوئی مقدمہ نہیں ہے اس سے قبل وہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے سے بھی بری ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محمد سہیل کی جانب سے عدالت میں ایک درخواست دی گئی تھی جس میں بتایا گیا ہے کہ اب ان پر کوئی مقدمہ نہیں لہذا انہیں رہا ہونے پر کسی ایجنسی کے حوالے نہ کیا جائے مگر عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔