Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Thursday, 29 october, 2009, 21:13 GMT 02:13 PST

کراچی: پانچ مشتبہ شدت پسندگرفتار

صوبائی حکومت نے بازاروں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے

کراچی میں پولیس نے پانچ مبینہ تخریب کاروں کو مقابلے کے بعد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن کا تعلق کالعدم شدت پسند تنظیم لشکر جھنگوی اور قاری حسین محسود گروپ سے بتایا گیا ہے۔

ایس پی سی آئی ڈی پولیس فیاض خان کا کہنا ہے کہ اورنگی کے علاقے سے مقابلے کے بعد یہ گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ ملزمان سے ڈیڑھ سو کلو دھماکہ خیز مواد، دو خودکش جیکٹیں اور پانچ کلاشنکوف برآمد کی گئی ہیں۔

پولیس نے ملزمان کی شناخت شکیل برمی، ناصر عرف سیف اللہ، وسیم بارودی، افضل عرف رکشے والا اور عاطف عرف چوہا کے نام سے کی ہے۔ گرفتار شکیل برمی کا شمار پولیس کو مطلوب انتہائی اہم ملزمان میں ہوتا ہے۔

ایس پی فیاض خان کا کہنا ہے کہ ملزمان کا برین واش کیا گیا اور وہ ہر مشن کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق کراچی میں ان کا ٹارگٹ امام بارگاہیں، اسکول، اہم سرکاری عمارتیں اور پولیس افسران تھے۔

پولیس کے مطابق شکیل برمی پہلے بھی کراچی میں خودکش حملے، فرقہ وارانہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے اور وہ قاری حسین سے ایک ہفتہ قبل وزیرستان میں ملاقات کرکے آیا تھا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتار ملزم وسیم بارودی کراچی میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث رہا ہے اور متعدد مقدمات میں جیل کاٹ چکا ہے۔ جبکہ عاطف ملزم راشد عرف حسین کا بھائی ہے جو مبینہ طور پر گلشن اقبال کے مدرسہ مدینۃ العلم میں دھماکے میں ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق عاطف پولیس افسران کا پیچھا کیا کرتا جبکہ ملزم افضل رکشے والا اپنے رکشے میں اسلحہ پہنچاتا تھا۔

دوسری جانب پشاور کے بازار میں دھماکے کے بعد صوبائی وزیر محکمہ داخلہ نے بازاروں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

ایک اعلامیے کے مطابق انہوں نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹوں اور بازاروں کی انتظامیہ کی مشاورت سے سکیورٹی کا نظام بہتر بنایا جائے۔

دوسری جانب کراچی میں امن امان کے بارے میں ایک اجلاس میں کراچی کے منتخب علاقوں میں ہائی پاور سرویلینس کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پولیس کو اچانک چیکنگ موثر بنانے اورگشت میں اضافے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔