Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 23 october, 2009, 11:10 GMT 16:10 PST

ویگن بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، سولہ ہلاک

زخمی بچہ فائل فوٹو

گاڑی میں سوار افراد شادی کی ایک تقریب کے لیے پشاور جا رہے تھے

پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت سولہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

مہمند ایجنسی کے اسٹنٹ پولیٹکل اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ حادثہ جمعہ کو صدر مقام غلنئی سے تقریباً تیس کلومیٹر دور شمال کی جانب تحصیل صافی کے سرحدی علاقے سوران چوک میں پیش آیا۔

اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ کے مطابق اس حادثے میں باراتیوں کی ایک گاڑی بارودی سرنگ کا نشانہ بنی۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد شادی کی ایک تقریب کے لیے پشاور جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں سولہ افراد مارے گئے ہیں جن میں چار خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔

مہمند ایجنسی کے ایک مقامی صحافی مکمل خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک فلائنگ کوچ گاڑی دھماکے کا نشانہ بنی ہے جس میں سوار باراتی پشاور جا رہے تھے۔مکمل خان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں اور ایف سی اہلکاروں نے مشترکہ امدادی کاروائیاں شروع کی ہیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ جس علاقے میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ہے اس علاقے میں گزشتہ دو دنوں سے سکیورٹی فورسز نے مقامی طالبان کے خلاف سرچ آپریشن کیا ہے جس میں سکیورٹی فورسز نے کئی مشکوک لوگوں کے مکانات کو تباہ بھی کیا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔