آخری وقت اشاعت:  Tuesday, 29 september, 2009, 10:58 GMT 15:58 PST

ایک دن میں دو ڈرون حملے

ڈرون

پاکستان میں ڈرون حملوں کا سلسلہ سنہ 2004 سے جاری ہے

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں منگل کوسروغوغہ کے بعد شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ سے تین کلو میٹر دور ایک اور ڈرون حملہ ہوا جس کے بعد دونوں حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد نو ہو گئی ہے۔

مقامی انتظامیہ سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی ڈرون کے دوسرے حملے میں میران شاہ سے تین کلو میٹر دور حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے طالبان کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔

اس حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے زیادہ تر افغان طالبان تھے۔

اس سے قبل جنوبی وزیرستان میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک قبائلی کے مکان پر امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

ہلاک شدگان اور زخمیوں میں غیر ملکی ازبک بھی شامل ہیں۔

پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کو دوپہر دو بجے کے قریب تحصیل سراروغہ میں امریکی جاسوس طیارے سے عرفان شمن خیل کے مکان پر دو میزائل فائر کیے گئے جس کے نتیجہ میں پانچ افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ عرفان شمن خیل کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور وہ حکیم اللہ محسود کے قریبی ساتھی ہیں۔ اہلکار کے مطابق میزائل حملے میں ہلاک ہونے والوں میں مقامی طالبان اور غیر ملکی ازبک دونوں شامل ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حملے میں مکان بھی مکمل طورپر تباہ ہوگیا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سراروغہ کے علاقے سے اکثر آبادی ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان منتقل ہوگئی ہے اور علاقے کے زیادہ تر مکانوں پر مقامی طالبان اور غیر ملکی جنگجوؤں نے قبضہ کیا ہوا ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں بالخصوص جنوبی و شمالی وزیرستان پر مبینہ امریکی جاسوسی طیاروں کے حملوں کا سلسلہ سنہ دو ہزار چار سے جاری ہے جس میں اب تک القاعدہ اور مقامی طالبان کے کئی اہم رہنماؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

bbc.co.uk navigation

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔