
وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے منگل کو گلگت بلتستان کے پہلے قائم مقام گورنر کی حیثت سے حلف اٹھانے کے بعد اعلان کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے سیلف گورننس امپاورمنٹ آرڈر کے بعد پہلے انتخابات بارہ نومبر کو ہوں گے۔
گلگت بلتستان کے سپریم ایپیلیٹ کورٹ کے چیف جسٹس محمد نواز عباسی نے وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ سے گلگت کی قانون ساز اسمبلی کی عمارت میں حلف لیا ہے۔ انیس سو سینتالیس کے بعد صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے قمر زمان کائرہ کو وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کا پہلا قائم مقام گورنر نامزد کیا ہے۔
حلف لینے کے بعد اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا ہے گلگت بلتستان کی عوام بارہ نومبر کو اپنے نمائندے منتخب کریں گے اور اس کے لیے کوئی نئی حلقہ بندیاں نہیں ہوں گی۔
انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کونسل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے پندرہ اراکین ہوں گے جن میں سے چھ وفاقی وزراء اس کے رکن ہوں گے۔ اس کونسل کے چیئر مین وزیر اعظم پاکستان ہوں گے۔
قمر زمان کائرہ کے مطابق گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی نشستین چھ جبکہ ٹیکنو کریٹس کی نشستیں اب تین کر دی گئی ہیں۔
گلگت بلتستان کے قائم مقام گورنر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیلف گونرننس ایمپاورمنٹ آرڈر کے بعد اب گلگت بلتستان کے لوگوں کو حق حکمرانی دیا گیا ہے اور اب اس علاقے کے لوگ خود اپنی ترقیاتی منصوبے بنائیں گے اور کوئی اکسٹھ ایریاز میں وہ قانون سازی کر سکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ اب گلگت بلتستان کا اپنا الیکش کمیشن ، پبلک سروس کمیشن، آڈیٹر جنرل کے دفاتر کے علاوہ سرکاری ذرائع ابلاغ پی ٹی وی اور اے پی پی کے بیورو دفاتر قائم کیے جائیں گے ۔
© MMIX