آخری وقت اشاعت:  Thursday, 23 july, 2009, 11:21 GMT 16:21 PST

بجلی کی قیمت میں معقول اضافے کی اجازت

بجلی

بجلی کی موجودہ قیمتوں میں بائیس فیصد اضافے کا امکان ہے

پاکستان کی سپریم کورٹ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو روکنے کے لیے جاری کردہ اپنا عبوری حکم امتناعی واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معقول حد کے اندر رہتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔

جمعرات کو عدالت کے تین رکنی بنچ نے حکم امتناعی بجلی کی قیمت کا تعین کرنے والے ادارے نیپرا کے وکیل کے اس بیان کے بعد واپس لیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ فی الحال حکومت کا بجلی پر عائد سبسڈی واپس لینے کا ارادہ نہیں ہے۔

حکم امتناعی واپس لیتے ہوئے بنچ کے سربراہ چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ ’عدالت سرکاری محکموں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی اور بجلی کے نرخ مقررہ کرنا حکومتی اداروں کا استحقاق ہے‘۔

تاہم انہوں نے ان اداروں کو تنبیہ کی کہ معقول حد سے زیادہ بجلی نرخوں میں اضافے کی صورت میں عدالت مداخلت کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ اپنے پیداواری اور ترسیل کے اخراجات کے پیش نظر قیمتوں میں معقول حد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے لیکن غیر ضروری بوجھ صارفین پر ڈالنے سے گریز کیا جائے‘۔

اپنے پیداواری اور ترسیل کے اخراجات کے پیش نظر قیمتوں میں معقول حد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے لیکن غیر ضروری بوجھ صارفین پر ڈالنے سے گریز کیا جائے۔

چیف جسٹس افتخار چودھری

چیف جسٹس نے نیپرا کو ہدایت کی کہ بجلی کی قیمت کے تعین کا فارمولا ترتیب دیا جائے جس میں سرکاری اخراجات کے ساتھ ساتھ عوامی بہبود کا بھی خیال رکھا جائے اور ’اس فارمولے سے عدالت کو بھی آگاہ کیا جائے تاکہ ہم دیکھ سکیں کہ کہیں بجلی کی قیمت طےکرنے کا یہ فارمولا ظالمانہ تو نہیں ہے‘۔

عدالت نے بجلی کی قیمت طے کرنے کے دوران زیرغور لائےجانے والے مختلف عوامل کے بارے میں وزارت خزانہ اور پانی بجلی سے وضاحت طلب کرتے ہوئے سماعت انتیس جولائی تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ عالمی بنک کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت حکومت نے بجلی کے نرخوں پر صارفین کو دی جانے والی رعائیتی قیمت یا سبسڈی اسی مالی سال کے دوران واپس لینے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے بعد بجلی کی موجود قیمتوں میں بائیس فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔

bbc.co.uk navigation

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔