
پاکستانی فوج نے جنوبی وزیرستان کے محسود علاقے میں بیت اللہ محسود کے خلاف کاروائی شروع کررکھی ہے
قبائلی علاقہ جنوبی وزیرستان میں ہونے والی تازہ کاروائیوں میں ایک فوجی اہلکار سمیت بارہ مشتبہ طالبان کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے اتوار کی سہ پہر تقریباًتین بجے جنوبی وزیرستان کے سروکئی سب ڈویژن میں طالبان کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ان کے بقول جنگی طیاروں نے مولی خان سرائی میں طالبان کے مبینہ دفتر، زڑہ سروکئی اور بروند میں مشتبہ پناگاہوں پر بمباری کی۔
حکام کا کہناہے کہ ان کاروائیوں میں آٹھ مشتبہ طالبان مارے گئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد طالبان ہیں یا عام شہری ہیں۔
دوسری طرف پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ سنیچر کی شام جنوبی وزیرستان کے درے نشتر میں واقع فوجی چوکی پر مشتبہ طالبان نے حملہ کیا ہے جس میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جوابی حملے میں چار مبینہ عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں جنکی لاشیں پولٹیکل حکام کے حوالے کردی گئی ہیں۔
جنوبی وزیرستان میں جاری کاروائی کے حوالے سے ہونے والے واقعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہونے میں مشکلات پیش آتی ہیں جبکہ اس بارے میں طالبان کا موقف بھی کم ہی سامنے آتا ہے۔
پاکستانی فوج نے جنوبی وزیرستان کے محسود علاقے میں بیت اللہ محسود کے خلاف کاروائی شروع کررکھی ہے جبکہ ہزاروں لوگوں نے اس کاروائی کی وجہ سے گھر بار چھوڑ دیا ہے۔
© MMIX