
پنجاب میں مسلم لیگ نون کی حکومت کے دوران حکومتی ممبران کے خلاف کارروائی ہونا شروع ہو چکی ہے
پاکستان کےصوبہ پنجاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ نون کی رکن صوبائی اسمبلی شمائلہ انجم رانا کےخلاف چوری شدہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے شاپنگ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے یہ مقدمہ لاہور کے ایک رہائشی مقیت سلام کی اس درخواست پر درج کیا ہے جو سینچر کی روز رکن صوبائی اسمبلی شمائلہ رانا کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ پولیس سٹیشن میں درخواست دی گئی تھی، تاہم پولیس نے اتوار کو یہ مقدمہ درج کیا۔
مدعی کےمطابق ان کی عزیزہ زائرہ ملک کےکریڈٹ کارڈ سات جولائی کو اس وقت چوری ہوئے جب وہ ایک ہیلتھ کلب میں ورزش کرنے میں مصروف تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کریڈٹ کارڈوں کی چوری کے بارے میں متعلقہ بنک کو اطلاع دی گئی تو معلوم ہوا کہ چوری شدہ کارڈوں سے اسی ہزار روپے کی خریداری کی گئی ہے۔
مقدمے میں کہاگیا کہ جب اس دکان دار سے رجوع کیا گیا جہاں سے چوری شدہ کریڈٹ کارڈ سے خریداری ہوئی تھی تو دکان میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے سے شمائلہ رانا کی شاخت ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے وزیر اعلیْ کے معاون اور رکن پنجاب اسمبلی منور احمدگل کے خلاف ایک خاتون کے ساتھ زیادتی کے الزام میں مقدمہ لاہور میں درج کیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیْ نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات چودھری کو لاہور کے ہوائی اڈے پر عملے سے بدتمیزی کرنے پر اور اپنے ایک واقف کے سامان کی تلاشی لینے سے روکنے پر انہیں معطل کردیا تھا۔ تاہم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں انہیں مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت پر بحال کیا گیا۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ نون کے ایک رکن قومی اسمبلی حاجی پرویز نے اس وقت استعفیْ دے دیا تھا جب ان پر یہ الزام ثابت ہوا تھا کہ ان کی جگہ ان کا ایک رشتہ دار انٹرمیڈیٹ کے امتحان دینے کی کوشش کر رہا تھا
مدعی مقیت سلام کے بقول جب ان کی عزیزہ کو معلوم ہوا ہے کہ ان چوری شدہ کریڈٹ کاروں سے خریداری کی گئی ہے تو وہ متعلقہ دکان پر گئیں جہاں سے انہیں معلوم ہوا کہ جس خاتون نے ان کارڈوں پر خریداری کی ہے وہ ان کے ساتھ ہیلتھ کلب میں موجود تھیں جبکہ کلب سے معلوم ہوا ان کا نام شمائلہ رانا ہے اور وہ رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بینک کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہوں نے خاتون رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔
پولیس نےمدعی کی درخواست پر قانون کے دفعہ تین سو اناسی کے تحت چوری کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔
ادھر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے پارٹی شمائلہ رانا سےاس معاملہ پر جواب طلب کرے اور ان کا موقف بھی سنا جائے۔ ان کے بقول جرم ثابت ہونے کی صورت میں وہ ازخود نااہل ہوجائیں گی۔
شمائلہ انجم رانا مسلم لیگ نون کی طرف سے خواتین کے لیے نشستوں پر رکن اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔
ماہرین قانون کے مطابق کہ جس قانونی شق کے تحت خاتون رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اس کے تحت تین سال قید کی سزا ہوسکتی ہے جب کہ یہ جرم قابل ضمانت ہے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے وزیر اعلیْ کے معاون اور رکن پنجاب اسمبلی منور احمدگل کے خلاف ایک خاتون کے ساتھ زیادتی کے الزام میں مقدمہ لاہور میں درج کیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیْ نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات چودھری کو لاہور کے ہوائی اڈے پر عملے سے بدتمیزی کرنے پر اور اپنے ایک واقف کے سامان کی تلاشی لینے سے روکنے پر انہیں معطل کردیا تھا۔ تاہم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں انہیں مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت پر بحال کیا گیا۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ نون کے ایک رکن قومی اسمبلی حاجی پرویز نے اس وقت استعفیْ دے دیا تھا جب ان پر یہ الزام ثابت ہوا تھا کہ ان کی جگہ ان کا ایک رشتہ دار انٹرمیڈیٹ کے امتحان دینے کی کوشش کر رہا تھا۔
© MMIX