
بظاہر یہ حملہ دہشت گردی معلوم ہوتی ہے:پولیس
مانسہرہ میں پولیس نے کہا ہے کہ شنکیاری کے جنگل میں نامعلوم افراد نے ایک پولیس پارٹی پر حملہ کیا ہے جس میں چھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
مانسہرہ کے ڈی ایس پی رسول شاہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ سنیچر کو پولیس کو اطلاع ملی کہ کنڈ بنگلہ کے قریب جنگل میں ایک نامعلوم شخص کی لاش پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک پولیس پارٹی موقع پر روانہ کی گئی۔ ڈی ایس پی کے مطابق یہ پارٹی لاش لے کر واپس آ رہی تھی کہ اس پر شنکیاری کے جنگل میں مانسہرہ سے اٹھائیس کلومیٹر دور چاروں طرف سے فائرنگ کر دی گئی۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر، تین سپاہی اور ایک فارسٹ گارڈ شامل ہیں۔ زخمی ڈرائیور کو ہسپتال پہنچادیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ دہشت گردی کا حملہ معلوم ہوتا ہے۔
© MMIX