Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Sunday, 12 july, 2009, 22:20 GMT 03:20 PST

ناصرہ ہائی کورٹ بار صدر

وکلاء تحریک کے کارکن (فائل فوٹو)

ناصرہ جاوید کو وکلاءتحریک میں شامل رہنماؤں کی حمایت حاصل تھی

پاکستان کے سب سے بڑی بارایسوسی ایشن لاہور ہائی کورٹ بار کی صدارت کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب میں سابق جج ناصرہ جاوید اقبال صدر منتخب ہوگئی ہیں۔نومنتخب صدر کو سپریم کورٹ بار کے سابق صدور حامد خان اور اعتزاز احسن کی حمایت حاصل تھی۔

ناصرہ اقبال نے اپنے مدمقابل امیدوار پنجاب بار کونسل کے رکن شاہد بلال حسن کو شکست دی۔ بیگم ناصرہ اقبال لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سوسالہ تاریخ میں چوتھی خاتون صدر ہیں۔

ناصرہ جاوید اقبال علامہ اقبال کی بہو اور لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جاوید اقبال کی اہلیہ ہیں۔جسٹس جاوید اقبال خود بھی سن انیس سو اڑسٹھ میں لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر رہ چکے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات اس سال فروری میں ہوئے تھے جس میں حامد خان کی قیادت میں قائم پروفیشنل گروپ کے حمایت یافتہ جسٹس ایم اے شاہد صدیقی کامیاب ہوئے تھے۔

جسٹس افتخار محمد چودھری نے اپنی بحالی کے بعد جسٹس صدیقی کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کردیا تھا جس کی وجہ سے ہائی کورٹ بار کی صدارت کا عہدہ سالانہ انتخابات کے لگ بھگ ایک ماہ بعد ہی خالی ہوگیا تھا۔

جسٹس ایم اے شاہد صدیقی کے صدارت کا عہدہ چھوڑنے کے ساتھ ہائی کورٹ بار میں تنازعہ پیدا ہوگیا تھا اور لاہور ہائی کورٹ بار کے نائب صدر منور اقبال گوندل نے صدارت کا عہدہ سنبھال لیا اور بقول ان کے ہائی کورٹ بار کی روایت کے تحت صدارت کا عہدہ خالی ہونے کے بعد نائب صدر ہی بار کا صدر ہوتا ہے۔

ادھرحامد خان کی سربراہی میں قائم پروفیشنل گروپ اور دیگر وکلاء نے مطالبہ کیا کہ ہائی کورٹ بار کے قواعد کے تحت صدارت کے لیے نیا انتخاب کروایا جائے۔

اسی دوران ہائی کورٹ بار کے سابق صدرو پر مشتمل ایک کمیٹی نے چھ جون کو انتخاب کروانے کا اعلان کردیا جس میں ناصرہ جاوید اقبال کو صدر چنا گیا۔

اس انتخاب کو نائب صدرمنور گوندل نے پنجاب بارکونسل کے روبرو چیلنج کیا جس پر بارکونسل نے گیارہ جولائی کو صدر کے لیے نئے انتخاب کا حکم دیا تھا۔ منور گوندل نے پنجاب بار کے احکامات کو پاکستان بارکونسل کے سامنے چیلنج کیا لیکن پاکستان بارکونسل نے بھی صدارت کے لیے ضمنی انتخاب کرانے کی اجازت دے دی۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔