
حملے کے بعد ایف سی کے جوانوں نے جوابی کارروائی بھی کی
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں حکام کے مطابق نامعلوم شدت پسندوں نے لیویز کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں چار اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ ادھر ہنگو میں بارودی سرنگ کے حملہ میں ایک شخص مارا گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو صُبح تین بجے باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار میں نامعلوم شدت پسندوں نے لیویز کی ایک حفاظتی چوکی پر راکٹوں اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس دوران کئی گولے چیک پوسٹ کے عمارت پر گرے۔ اس حملے کے نتیجے میں چار لیویز اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ انتظامیہ کے مطابق دھماکوں سے چیک پوسٹ بھی مکمل طورپر تباہ ہوگئی ہے۔
انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کاروائی کی جس میں توپخانے کا استعمال بھی کیا گیا۔ حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں شدت پسندوں کے کئی ٹھکانوں نشانہ بنایا گیا لیکن اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ادھر ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے لیے راشن لے جانے والی ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کو ہنگو کے علاقے تورہ غنڈی میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق تباہ ہونے والی گاڑی کُرم ایجنسی کی سرحد پر تعینات سکیورٹی فورسز کے لیے راشن لے جارہی تھی کہ بارودی سرنگ کا نشانہ بنی۔
© MMIX