Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 8 july, 2009, 07:30 GMT 12:30 PST

کاربن ٹیکس ہے کیا؟

کاربن ٹیکس کے نفاذ کے خلاف مظاہرے

پاکستان میں کاربن ٹیکس کے نفاذ کے خلاف مظاہرے ہوئے ہیں

پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر یکم جولائی سے عائد کیے جانے والے کاربن ٹیکس کی عارضی معطلی سے ایک بار پھر یہ بات زیرِ بحث آ گئی ہے کہ آخرِ کار یہ کاربن ٹیکس ہے کیا اور حکومت اس نئے ٹیکس کے نفاذ سے کیا فوائد حاصل کرنا چاہتی ہے۔

تکینیکی طور پر کاربن ٹیکس ایک ایسا ٹیکس ہے جو کوئلے، پیٹرولیم مصنوعات اور قدرتی گیس جیسے ’فوسل‘ ایندھن کے استعمال پر عائد کیا جاتا ہے اور اس کی شرح کا تعین کاربن کے اخراج کے حوالے سے کیا جاتا ہے۔

پاکستان کے علاوہ برطانیہ سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں یہ ٹیکس کسی نہ کسی شکل میں نافذ ہے۔ تاہم پاکستان اور دیگر ممالک میں اس ٹیکس کے استعمال کے حوالے سے ایک فرق ضرور ہے کہ ان ممالک میں اس ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی رقم کا استعمال بنیادی طور پر آلودگی اور گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کے لیے ہوتا ہے جبکہ پاکستان میں یہ روایت رہی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم بجٹ کا خسارہ پورا کرنے کے کام آتی ہے۔

ماہرِ اقتصادیات ڈاکٹر قیصر بنگالی کے مطابق ’ کاربن ٹیکس ایک مخصوص مقصد کے لیے لگایا جانے والا ٹیکس ہوتا ہے جس کا مقصد ماحول کی بہتری اور آلودگی میں کمی سے متعلقہ اقدامات کے لیے رقم کی فراہمی ہوتا ہے تاہم حکومت نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ اس ٹیکس سے حاصل شدہ رقم کن مقاصد کے لیے استعمال ہو گی۔

نیشنل فنانس کمیشن کے رکن ڈاکٹر بنگالی کا کہنا تھا کہ کاربن ٹیکس کے نفاذ کے باوجود ابھی یہ صورتحال بھی واضح نہیں کہ اس ٹیکس کا صوبوں اور خصوصاً سندھ اور بلوچستان پر کیا اثر پڑے گا کیونکہ پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کے خاتمے سے یہ دونوں صوبے براہِ راست متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’مخصوص مقاصد کے لیے عائد کردہ ٹیکسوں کے حوالے سے پاکستانی حکومتوں کا ریکاڈ زیادہ اچھا نہیں اور اس کی ایک مثال اقراء سرچارج ہے جسے عائد تو ملک میں شعبۂ تعلیم کی ترقی کے لیے کیا گیا لیکن اس مد میں حاصل ہونے والی رقم بجٹ میں شامل کی جاتی رہی‘۔

خیال رہے کہ حکومتی اندازوں کے مطابق کاربن ٹیکس کے نفاذ سے نئے مالی سال میں ایک سو بیس ارب روپے کی آمدن متوقع ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ ملک کی عدالتِ عظمٰی اس ٹیکس کے حوالے سے کیا حتمی فیصلہ دیتی ہے اور اگر یہ فیصلہ حکومت کے حق میں نہیں جاتا تو اس ایک سو بیس ارب کے حصول کے لیے کیا نئے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔