
حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا:فائل فوٹو
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے نواحی علاقے سہجہ میں ایک مسافر بس کے نہر میں گرنے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں
نہر سے دو عورتوں اور ایک بچے کو زندہ نکال لیا گیا ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی ڈی ایس پی عابد اسلم شیخ کے مطابق یہ بس صادق آباد سے فیصل آباد جا رہی تھی اور جمعہ کی صبح سات بجے اسے یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ بس میں اندزاً تیس سے پینتیس افراد سوار تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ دو بسوں کے درمیان تیز رفتاری کے مقابلے کے سبب پیش آیا۔ ان کے مطابق تیز رفتار بس اوور ٹیک کرتی ہوئی نہ صرف خود نہر میں گری بلکہ ایک سائیکل سوار کی موت کا بھی سبب بنی۔
انہوں نے کہا کہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور فوج کے جوان بھی کرینوں کے ذریعے ڈوبنے والوں کو تلاش کر رہے ہیں۔ عابد اسلم شیخ کے مطابق اب تک تین بچوں، ایک عورت اور تین مردوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
عباسیہ نامی نہر جس میں بس گری، پندرہ فٹ گہری اور چالیس فٹ چوڑی ہے اور اس میں تقریبا 22 ہزار کیوسک پانی گزرتا ہے۔
© MMX