Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Monday, 29 june, 2009, 14:55 GMT 19:55 PST

سب پراپیگنڈہ ہے: ترجمان جماعت الدعوۃ

کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ نے ان اطلاعات کو غلط قرار دیا ہے جس میں تنظیم کی جانب سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کی بات کی گئی ہے۔

تنظیم کا موقف ہے کہ یہ اطلاعات ان تنظیموں کا پروپیگنڈا ہے جو پاکستان کے اندر ان جیسی تنظیموں کے خلاف سرگرم ہیں۔

تنظیم کے ترجمان عبدالرحمان مکی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان اطلاعات کو بےبنیاد قرار دیا جن میں کالعدم تنظیموں کی جانب سے پاکستان کے انتظام کشمیر میں سرگرمیوں میں اضافہ کی بات کی گئی ہے۔

بی بی سی کو حاصل ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جماعت الدعوۃ نے اس سال مارچ میں مظفرآباد کے قریب دولائی کے مقام پرایک مقامی شخص سے پینسٹھ کنال زمینپانچ سال کے لیے کرائے پر حاصل کی ہے جہاں وہ اپنا مرکز قائم کر رہے ہیں۔

تاہم عبدالرحمان مکی نے ایسی کسی اراضی کو حاصل کرنے کی اطلاعات کی تردید کی ہے۔ ’میرے علم میں ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے۔لاہور ہائی کورٹ کےحافظ سیعد کی رہائی سے متعلق فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ جماعت الدعوۃ خود کسی ریاست مخالف سرگرمیوں، دہشتگردی میں ملوث نہیں اور نہ ہی اس کا اس میں ملوث تنظیموں سے کوئی تعلق ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ وہ حکومت سے اپنےتمام ضبط شدہ دفاتر واپس حاصل کرسکیں یا پھر وہ عدالت کا دروازہ دوبارہ کھٹکھٹائیں۔

ترجمان نےاس اطلاع کو بھی بےبنیاد قرار دیا جس میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں میں اضافے سے ان کے مقامی آبادی کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کےدولائی علاقے میں تناؤ کے بارے میں کہنا تھا ان کا کہنا تھا کہ جماعت کی اس علاقے میں کوئی سرگرمیاں نہیں ہیں۔ ’یہ قطعی طور پر پروپیگنڈا ہے یقیناً اس لابی کا جو پاکستان کے اندر ایسی جماعتوں کے خلاف کام کرتیں ہیں۔‘

ان کا موقف تھا کہ ان کی جماعت کا پاکستان کے اندر کہیں بھی مقامی آبادی سے کوئی تناؤ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے علم میں حکومت کی جانب سے ان علاقوں میں ان تنظیموں کے خلاف کسی تازہ کارروائی نہیں ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔