
امریکی ڈرونز اس سے قبل بھی طالبان کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنا چکی ہے
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ بیت اللہ محسود گروپ کے طالبان کے ایک ٹھکانے پر مبینہ امریکی جاسوس طیارے پر حملے میں کم از کم دو جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح جنوبی وزیرستان کے لدھا سب ڈویژن کے ایک دور افتادہ علاقے زنگڑہ میں پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ مبینہ امریکی جاسوس طیارے سے بیت اللہ گروپ کے طالبان کے ایک ٹھکانے پر تین میزائل داغے گئے جس سے وہاں موجود دو افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دونوں جنگجو مقامی بتائے جاتے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد طالبان نے سارے علاقے کو گھیرے میں لےکر لاشوں کو ملبے سے نکالا اور انہیں کسی نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔
بعض ذرائع ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کی تعداد دو سے زیادہ بتا رہے ہیں تاہم سرکاری طور پر اب تک صرف دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب فوج نے پچھلے چند دنوں سے جنوبی وزیرستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ بیت اللہ محسود کے خلاف ’ آپریشن راہ نجات‘ شروع کر رکھا ہے۔ اس آپریشن کو شروع ہوئے ایک ہفتہ ہوچکا ہے لیکن ابھی تک بیت اللہ محسود کے خلاف کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان پر امریکی جاسوس طیاروں سے میزائل حملے ہوچکے ہیں۔ ان حملوں میں غیر ملکی، مقامی طالبان اور پنجابی طالبان کے علاوہ عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
© MMIX