
جیت کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے
اتوار کو کرکٹ کےٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پاکستان کی جیت کے بعد پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ان شہروں میں جشن کا سماں دیکھا گیا۔
ان شہروں میں لوگ رات دیر تک خوشی مناتے رہے۔ کہیں پٹاخے چھوڑے گئے تو کہیں مٹھائیاں بانٹی گئیں۔ لوگ سڑکوں پر نکل آئے، ہارن بجاتے رہے، ناچتے رہے، کرکٹ ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

’پاکستان زندہباد‘ کے نعرے لگائے گئے
سورش زدہ شمال مغربی صوبہ سرحد کے دار الحکومت پشاور میں بہت عرصے کے بعد خوشی میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
پشاور میں جیسے ہیی شاہد آفریدی نے میچ کا فائنل شاٹ کھیلا تو مختلف علاقوں سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دی گئیں اور سینکڑوں لوگ بازاروں میں نکل آئے اور ان لوگوں نے اپنی موٹر سائکلوں اور گاڑیوں سے تیز آواز میں قومی گیت بجائے۔
صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بھی رات کو منان چوک پر خوب رونق دیکھی گئی۔ خوشی میں ڈھول بجائے گئے اور رقص کیا گیا۔
کراچی میں بھی ورلڈ کپ کی جیت کا جشن منایا گیا۔ میچ کے دوران شہر کے سڑکوں پر ٹریفک بہت کم رہا لیکن جیسے ہی میچ ختم ہوا تو لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور مٹھایئاں بانٹی گئیں۔ شہر میں میلے جیسا ماحول تھا اور لوگوں کا کہنا تھا کہ بہت عرصے بعد پاکستان کو واقعی کوئی خوشی ملی ہے۔

جیت کی خوشی میں مٹھائیاں بانٹی گئیں
لاہور اور اسلام آباد میں بھی لوگوں کے لیے مختلف مقامات پر میچ دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور جیت کے بعد یہاں بھی لوگ سڑکوں پر خوشی کا اظہار کرتے رہے اور پاکستان اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔
پاکستان میں گزشتہ دو سال سے بگڑتے ہوئے حالات اور بم حملوں میں اضافے کے بعد ایسے مناظر کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں۔ کرکٹ ٹیم کی جیت کے بعد سڑکوں پر نکل کر لگوں نے قومی یکجہتی کے حق میں نعرے لگائے ہیں اور سڑکوں میں قومی گیت بجائے ہیں۔
BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے
اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔