
ضلع گھوٹکی میں تمام کاروباری مراکز بند ہیں
مالاکنڈ ڈویژن میں فوجی آپریشن کے متاثرین کی آمد اور قوم پرست کارکن کی ہلاکت کے خلاف سندھ بھر میں ہڑتال کی جا رہی ہے۔
ہڑتال کی اپیل سندھ میں جدید قومپرستی کے بانی جی ایم سید کے پوتے کی سربراہی میں قائم جماعت سندھ یونائیٹڈ پارٹی یعنی ایس یو پی نے دی ہے۔
سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ پولیس نے ان کے درجنوں کارکنوں کو مختلف شہروں سے گرفتار کر لیا ہے۔جلال شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں بیس لاکھ غیروں کی آبادکاری کے نتیجے میں دھرتی کے اصل وارث سندھی اقلیت میں تبدیل ہوجائیں گے۔
جلال شاہ کے مطابق پیپلزپارٹی نے اپنے سندھی ووٹر سے غداری کی ہے اور سندھی اب اس جماعت سے اپنا حساب مانگ رہے ہیں۔ان کے مطابق سندھ کی بڑی بدقسمتی ہے کہ پیپلزپارٹی سندھی ووٹرز کے مفادات کو مدنظر نہیں رکھ رہی ہے۔
سندھ میں بیس لاکھ غیروں کی آبادکاری کے نتیجے میں دھرتی کے اصل وارث سندھی اقلیت میں تبدیل ہوجائیں گے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے سندھی ووٹر سے غداری کی ہے اور سندھی اب اس جماعت سے اپنا حساب مانگ رہے ہیں۔
جلال محمود شاہ
سوات اور مالاکنڈ فوجی آپریشن متاثرین کی آمد کے خلاف سندھ میں کچھ دنوں کے وقفے کے بعد یہ تیسری ہڑتال کی جا رہی ہے۔ سندھی قومپرست جماعتوں کا کہنا ہے کہ سوات متاثرین کی آمد سے وہ اپنی دھرتی پر اقلیت میں تبدیل ہوجائیں گے۔
جلال شاہ کا کہنا ہے کہ جلد ہی سندھی قومپرستوں کے اتحاد کے سلسلے میں رابطے کیے جائیں گے تا کہ سندھ میں غیروں کی آبادکاری کے خلاف متحد جدوجہد شروع کی جائے۔
سندھ کے مختلف ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹروں سمیت تمام چھوٹے بڑے شہر بند پڑے ہیں جبکہ سندھ پولیس نے مختلف شہروں سے ایس یو پی اور جسقم سمیت قوم پرست جماعتوں کے سینکڑوں کارکنان کو حراست میں لیا ہے۔
سندھ یونائیٹڈ پارٹی نے اپنے ایک کارکن اختر شاہ کی ہلاکت کے بعد ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ ایس یو پی کے مطابق اختر شاہ کو جامشورو میں احتجاجی مظاہرے کے دوران چار دن پہلے پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا۔
پنجاب کے بعد آنے والے پہلے ضلع گھوٹکی میں تمام کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ کشمور کندہ کوٹ اور جیکب آباد میں دکانیں بند کی گئی ہیں۔ سکھر میں جزوی ہڑتال کی گئی ہے جبکہ لاڑکانہ میں شہرکے تمام کاروباری مراکز اور سڑکیں بند ہیں۔
نوابشاہ میں ایس یو پی کے کارکنان نے دکانیں بند کروانے کی کوشش کی ہے جبکہ پولیس نے بعض کارکنان کوگرفتار کیا ہے مگر شہر میں ہڑتال کی گئی ہے۔ حیدرآباد کے علاقوں قاسم آباد، نسیم نگر وار وحدت کالونی میں مکمل ہڑتال کی گئی ہے۔
© MMIX