Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Saturday, 6 june, 2009, 10:59 GMT 15:59 PST

یو این: مزید 20 ہزار نے نقل مکانی کی

پناہ گزین

حالیہ فوجی آپریشن کی وجہ سے بےگھر ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً پچیس لاکھ ہوگئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق پاکستان میں سوات اور اس کے ملحقہ علاقوں سے مزید بیس ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائـب ترجمان فرحان الحق نے اقوم متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین کے حوالے سے بتایا کہ جمعہ کو وادی سوات اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں کرفیو ہٹائے جانے کے وقفے کے دوران مزید بیس ہزار متاثرہ افراد نے نقل مکانی کی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ تازہ نقل مکانی کرنے والے یہ افراد محفوظ علاقوں کی تلاش میں مردان، چارسدہ اور پشاور اضلاع کی طرف جارہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی پاکستان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان دو مزید کیمپوں کی توسیع پر کام کر رہی ہے جو اس نے گزشتہ ہفتے کے دوران قائم کیے تھے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق یو این ایجنسی برائے مہاجرین کی طرف سے مردان میں قائم کیے جانے والے کمیپ میں اب مزید افراد کے لیے گنجائش نہیں ہے اور اب تازہ نقل مکانی کرکے آنے والوں کو دور کے کمیپوں میں بھیجا جارہا ہے۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان ميں کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین کو سال دو ہزار نو کے آخر تک اپنا کام جاری رکھنے کےلیے ایک سو پانچ ملین کے سالانہ بجٹ میں اب بھی پینسٹھ ملین ڈالر درکار ہیں۔

اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان کے شورش زدہ صوبہ سرحد کے علاقے دیر بالا میں جمعہ کو مسجد میں ہوئے بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ یہ دھماکہ مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران ہوا تھا جس میں پینتیس افراد ہلاک ہوئےتھے۔

سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان الحق کا کہنا تھا کہ بان کی مون نے پاکستان میں دیر بالا میں مسجد پر بم حملے کی مذمت کی ہے اور ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ تشدد اور اندھا دھند خونریزی کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جاسکتا۔

بان کی مون نے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں اور حکومت پاکستان سے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔