
گزشتہ ہفتے لاہور میں ہونے والے دھماکے میں چوبیس افراد ہلاک اور تین سو کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔
لاہور میں ریسکیو ون فائیو اور آئی ایس آئی کی عمارت کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی فٹیج جاری کردی گئی ہے۔
یہ فٹیج منگل کی شام سرکاری طور پر مقامی ٹی وی چینلز کو جاری کی گئی۔ لگ بھگ تین منٹوں کی اس فٹیج میں دکھایا گیا کہ حملہ آور کس طرح ون فائیو اور آئی ایس آئی کی عمارت کے قریب پہنچے۔
خیال رہے کہ ستائس مئی کو لاہور میں ہونے والے دھماکے سے کم از کم چوبیس افراد ہلاک اور تین سو کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔
یہ فٹیج سی سی ٹی وی کے ذریعے ریکارڈ کی گئی ہے جو منگل کے روز سرکاری طور پر مقامی ٹیلی ویژن چینلوں کو جاری کی گئی ہے۔ فٹیج میں دکھایا گیا کہ ایک سفید رنگ کی وین جو اس چوک کے ٹریفک سنگل پر کھڑی تھی جہاں سے ون فائیو اور آئی ایس آئی کے عمارت کا فاصلہ محض چند گز ہے۔
سفید رنگ کی یہ وین اچانک ون فائیو اور آئی ایس آئی کی عمارت کے قریب پہنچ کر وہاں کھڑی رکاوٹ کو عبور کرتی ہے تاہم پولیس کی چوکی کے قریب وین کو ایک اور رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی دوران پولیس چوکی سے ایک کانسٹیبل اس وین کے قریب آتا ہے۔ جیسے ہی وہ وین کے قریب پہنچتا ہے تو وین سے دو حملہ آور باہر آتے ہیں اور فائرنگ شروع کردیتے ہیں جبکہ ایک حملہ آور ہینڈ گرنیڈ چوکی کی جانب گرینڈ پھینکتا ہے۔ اسی دوران دوسرا حملہ آور گیٹ نما اس بیریئر کو کھولتا ہے جس کے بعد وین آگے کی طرف بڑھتی ہے ۔
فائرنگ کی آواز سے حساس ادارے کی عمارت میں موجود اہلکار چوکنا ہوجاتے ہیں اور عمارت کے اندر سے گیٹ کے باہر فائرنگ کرتے ہیں جس کے نیتجے میں ان دو حملوں میں ایک کو گولی لگتی ہے جو وین کے آگے پیدل چل رہے تھے۔اسی دوران وین حساس ادارے کے قریب پہنچ جاتی ہے تاہم اہلکاروں کی فائرنگ سے وین کے ٹائر پھٹ جاتا ہے اور وین میں ایک زور دار دھماکہ ہوتا ہے جس سے وین تباہ ہو جاتی ہے۔
مصبرین کی رائے ہے کہ دھماکے کی فٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر وین کو اہلکار فائرنگ کرکے نہ روکتے تو اس سے کہیں زیادہ جانی نقصان ہوسکتا تھا۔
© MMIX