Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 13 may, 2009, 16:29 GMT 21:29 PST

بی بی سی کی ریسرچ درست نہیں: صدر آصف زرداری

آصف زرداری

پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں:صدر آصف زرداری

پاکستانی صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ صوبہ سرحد میں حکومتی عملداری سے متعلق بی بی سی کی ریسرچ درست نہیں ہے۔

وزیر اعظم گورڈن براؤن کے ہمراہ لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی صدر نےکہا کہ ان کے خیال میں بی بی سی اردو کی ریسرچ جس کے مطابق صوبہ سرحد کی عملداری صرف اڑتیس فیصد علاقوں تک محدود ہے، صیح نہیں ہے۔

ادھر پاکستان فوج کے ترجمان اطہر عباس نے کہا کہ بی بی سی کی ریسرچ انتہائی مبالغہ آمیز ہے۔ فوج کے ترجمان نے کہا کہ زمینی حقائق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ صوبہ سرحد کے اتنے بڑے علاقے طالبان کے زیر اثر ہیں۔

فوج کے ترجمان نے کہا کچھ قبائلی علاقوں میں شدت پسند با اثر ضرور ہیں لیکن کہیں بھی وہ متوازی حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہ ایک موقع پر باجوڑ ایجنسی میں مولوی فقیر کا دعویٰ تھا کہ وہ مکمل کنٹرول میں ہیں لیکن باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد وہاں حکومت کی عملداری قائم ہے۔

پاکستان فوج کے ترجمان نےتسلیم کیا کہ کچھ علاقوں میں شدت پسندوں کے پاس یہ طاقت ضرور ہے کہ وہ کسی مخصوص دن صورتحال کو خراب کردیں۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کے جوہری ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور ان کا شدت پسندوں کے ہاتھ لگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

دریں اثنا برطانوی وزیر اعظم نے صوبہ سرحد سے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے بارہ ملین پونڈ کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم نے کہا پاکستان اور برطانیہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے متحد ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ القاعدہ کو ملنے والے فنڈز کو روکا جا سکے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔