
’فوج سوات میں جاری کارروائی کی حساس نوعیت اور سنگینی سے بخوبی آگاہ ہے‘
پاکستان فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوات اور دیگر علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران مقامی آبادی کے کم سے کم جانی نقصان کو یقینی بنائے اور اس سلسلے میں اگر خطرات بھی مول لینے پڑیں تو لیے جائیں۔
راولپنڈی میں آج جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فوج سوات اور دیگر علاقوں میں جاری کارروائی کی حساس نوعیت اور نتائج کی سنگینی سے بخوبی آگاہ ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ شہری آبادی میں اس نوعیت کے آپریشن کے دوران پہنچنے والے نقصانات اور نقل مکانی سے پیدا ہونے والی صورتحال ایک قدرتی عمل ہے۔
فوجی سربراہ نے کہا کہ کامیاب فوجی کارروائی، کم سے کم مقامی آبادی کا نقصان اور نقل مکانی کرنے والوں کی صحیح انداز میں محفوظ مقامات پر آبادکاری اور دیکھ بھال کامیاب آپریشن کے اہم پہلو ہیں۔ اس سلسلے میں پاک فوج متاثرین کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
کامیاب فوجی کارروائی، کم سے کم مقامی آبادی کا نقصان اور نقل مکانی کرنے والوں کی صحیح انداز میں محفوظ مقامات پر آبادکاری اور دیکھ بھال کامیاب آپریشن کے اہم پہلو ہیں۔
جنرل اشفاق کیانی
جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ متاثرین کی دیکھ بھال کے لیے پاک فوج حکومت اور عالمی امدادی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے۔ اس مقصد کے لیے کور ہیڈ کوارٹرز نے سابق ڈپٹی چیئرمین ایرا اور کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد کی سربراہی میں سپیشل سپورٹ گروپ قائم کیا ہے جو متاثرین کی دیکھ بھال کے لیے اقدامات کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے تاریخ میں پہلی بار اشیائے خوردنی پر مشتمل اپنا روزانہ کا راشن متاثرین کے لیے وقف کیا ہے جو اسی ہزار افراد کی روزانہ کی ضروریات پوری کرے گا۔ اس کے علاوہ پاک فوج اپنے میڈیکل سے متعلقہ وسائل بھی اس مقصد کے لیے وقف کرچکی ہے اور ان کیمپوں کے لیے نوے روز کی ادویات کی فراہمی بھی کردی گئی ہے جبکہ ان علاقوں میں موجود مختلف عسکری ہسپتال بھی متاثرین کو طبی امداد فراہم کریں گے۔
آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے توقع ظاہر کی کہ جس طریقے سے پوری قوم اور پاک فوج نے سنہ دو ہزار پانچ کے تباہ کن زلزلے میں متاثرین کی امداد کی تھی اسی طرح اب بھی تمام امور بخوبی انجام دیے جائیں گے۔
BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے
اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔