Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 29 april, 2009, 09:28 GMT 14:28 PST

بونیر:آپریشن جاری، ’ڈگر پر فوج کا قبضہ‘

آپریشن میں جیٹ طیارے اور ہیلی کاپٹر استعمال کیے جا رہے ہیں

صوبہ سرحد کے ضلع بونیر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے طالبان کے خلاف آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز نے بونیر کے صدر مقام ڈگر کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔

دوسری طرف طالبان کی جانب سے سوات اور بونیر کے سرحد پر واقع پیر بابا پولیس سٹیشن پر قبضے کی اطلاعات بھی ہیں۔ خیال رہے کہ چند دن قبل طالبان نے پیر بابا کے مزار پر قبضہ کر کے مزار کو تالے لگا دیے تھے۔ تاہم بعدازاں ایک معاہدے کے تحت طالبان نے پیر بابا کا مزار خالی کر لیا تھا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ بدھ کی صبح بونیر کے صدر مقام ڈگر میں سکیورٹی فورسز کو ہیلی کاپٹروں سے اتارا گیا اور وہ اب علاقے میں موجود زمینی فوج کی مدد کر رہے ہیں۔ علاقے میں آپریشن کی وجہ سے موبائل اور ٹیلی فون سروس معطل ہیں جس کی وجہ سے اطلاعات کی تصدیق نہیں ہو پا رہی۔

بونیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق منگل کو شروع ہونے والے آپریشن میں جیٹ طیاروں نے بونیر اور سوات کے سرحدی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق جنگی طیاروں نے پیر با با کے مزار کے قریب واقع علاقوں پر بھی بمباری کی جہاں چند ہفتے قبل طالبان کا کنٹرول بتایا جاتا تھا۔

کارروائی کے دوران توپخانہ بھی استعمال کیا گیا ہے

اس بمباری سے ہلاکتوں کی کوئی مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں تاہم یہ اطلاعات ہیں کہ سکیورٹی فورسز کے دستے بونیر کی طرف روانہ کیے گئے ہیں اور اس دوران شہباز گڑھ سے امبیلا تک کرفیو نافذ رہا ہے۔

یاد رہے کہ منگل کو پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے بتایا تھا کہ لوئر دیر کو شرپسندوں سے صاف کر دیا گیا ہے اور بونیر میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دیر میں کیے گئے آپریشن میں فرنٹیئر کور کے دس اہلکار اور ستر سے پچھہتر شرپسند ہلاک ہوئے ہیں۔ میجر جنرل اطہر عباس نے کہا کہ بونیر میں شروع کیے گئے آپریشن میں جیٹ طیارے اور گن شپ ہیلی کاپٹر استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ یہ آپریشن ڈائریکٹر جنرل ایف سی کی سربراہی میں کیا جا رہا ہے جنہیں آپریشن کے دوران فوج کی مدد بھی حاصل ہو گی اور آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک شرپسندوں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔