Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Tuesday, 28 april, 2009, 09:50 GMT 14:50 PST

فضل کریم خٹک نئے ملاکنڈ کمشنر مقرر

سید محمد جاوید

سید جاوید نے ذمہ داریاں بھی نبھائیں اور دوسری طرف ’دین کی خدمت‘ بھی کرتے رہے: مسلم خان

صوبہ سرحد کی حکومت نے طالبان کے مبینہ حامی ہونے کے الزامات کی زد میں رہنے والے ملاکنڈ ڈویژن کے کمشنر سید محمد جاوید کے تبادلے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے اور ان کی جگہ فضل کریم خٹک کو نیا کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں ان کے تبادلے کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ انہیں سرکار بکار خاص بنادیا گیا ہے۔

اس سال سولہ فروی کو ہونے والے امن معاہدے کے بعد صوبائی حکومت نے فضل کریم خٹک کو ہٹا کر سید محمد جاوید کو ملاکنڈ ڈویژن کا نیا کمشنر مقرر کیا تھا۔

کمشنر مقرر ہونے کے بعد طالبان ترجمان مسلم خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا تھا۔ سید محمد جاوید پر سول سوسائٹی الزامات لگاتی رہی کہ وہ طالبان حامی ہیں اور مبینہ طور پر ان کی مدد کررہے ہیں۔ تاہم صوبائی حکومت اور انہوں نے خود ان الزامات کی تردید کی تھی۔

ذرائع کے مطابق سید محمد جاوید کا طالبان اور کالعدم نفاذ شریعت محمدی میں زیادہ اثر و رسوخ تھا اور انہیں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کے تبادلے کے بارے میں مسلم خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے طالبان اور حکومت کے درمیان بڑے اچھے روابط قائم کیے تھے۔ ان کے بقول وہ بیک وقت بحیثیتِ سرکاری ملازم اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھاتے رہے اور دوسری طرف ’دین کی خدمت‘ بھی کرتے رہے۔

یاد رہے کہ سوات میں اکتوبر دو ہزار سات میں جب باقاعدہ آپریشن شروع کیا گیا تھا اس وقت سید محمد جاوید سوات کے ضلعی رابط آفسر تھے جنہیں فوجی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی تبدیل کردیا تھا۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔