
ملزم کی بیوی طاہرہ نے اعتراف کیا ہے کہ یہ قتل ان کے شوہر نے کیے ہیں: پولیس
پولیس کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں بظاہر جائیداد کے تنازعے پر بھائی نے بھائی اور بھابھی کے ساتھ ان کے آٹھ بچوں کو قتل کردیا ہے۔
سیالکوٹ میں واقع جلپی گاؤں کے متعلقہ تھانے کے محرر پرویز احمد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مقتول جاوید اقبال مکان سے ملحقہ حویلی میں سو رہے تھے جب ان کے بھائی ظفر نے کلہاڑی کے وار کر کے انہیں ہلاک کیا اور بعد ازاں مکان کے اندر سوئی ہوئی ان کی بیوی فہمیدہ اور آٹھ بچوں کو کلہاڑی ہی کے ذریعے قتل کر دیا۔ قتل کیے گئے بچوں میں سب سے بڑے کی عمر دس سال بتائی جاتی ہے۔
پولیس اہلکار کے مطابق ملزم کی بیوی طاہرہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور دوران تفتیش طاہرہ نے اعتراف کیا ہے کہ یہ قتل ظفر نے کیے ہیں اور واردات کے بعد وہ اپنے گھر جا کر خون آلود کپڑے تبدیل کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دس افراد کا قتل بظاہر جائیداد کے تنازعے پر کیا گیا ہے۔
سیالکوٹ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چار ٹیمیں تشکیل دے دیں ہیں جبکہ مقتولین کے لواحقین ابھی تک گرفتاری نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں۔
© MMIX