Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 15 april, 2009, 08:33 GMT 13:33 PST

صحافی کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ

صحافیوں کا احتجاج

صحافی اسد حمید کی ہلاکت کے خلاف ملک بھر میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے

اقوام متحدہ کے ادارے یونسیکو نے پاکستان میں صحافی اسد حمید کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بات منگل کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفاتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے سائنس وتعلیم و ثقافت یا یونیسکو جسے آزادیِ صحافت کے تحفظ کا بھی فرضِ تفویض ہے نے گزشتہ ماہ پاکستان کے نجی ٹی وی چنیل ’وقت‘ اور اخبار ’دی نیشن‘ کے نمائندے راجہ اسد حمید کے قتل کو آزادیِ پریس کے حقوق پر حملہ قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں یونیسکو کے سربراہ کوئچيرو میٹسورا کے حوالے سے کہا گيا ہے کہ انہیں پاکستانی حکومت پر اعتماد ہے کہ وہ مقتول صحافی کے قتل کی تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئےانسانی حقوق، آزادیِ اظہار اور پاکستانی سماج کی آزادیِ اظہار کے حق کو مقدم رکھے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چھبیس مارچ کو اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈي میں سینیئر رپورٹر راجہ اسد حمید کو نامعلوم افراد نے گولی مارکر ہلاک کر دیا تھا۔

صحافیوں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے عراق کے بعد پاکستان کو صحافیوں کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے خطرناک جگہ قرار دیا ہے۔ جہاں صرف سال دو ہزار آٹھ میں پانچ صحافی ہلاک ہوئے تھے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔