Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 8 April, 2009, 14:49 GMT 19:49 PST

وانا: ڈرون حملہ، چار ہلاک

ڈرون طیارہ

حالیہ دنوں میں قبائلی علاقوں پر ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا ہے

پاکستان کے قبائلی جنوبی وزیرستان میں ایک مبینہ امریکی میزائل حملے میں چار طالبان ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے پنجابی طالبان بتائے جاتے ہیں۔

وزیرستان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے روز صدر مقام وانا سے تقریباً چار کلومیٹر دور گنجی خیل کے علاقے میں پیش آیا۔ مقامی انتظامیہ نے واقعہ کی تصدیق کردی ہے۔

یہ ڈرون زمین سے تین سے چار گز اونچائی پر تھے: عینی شاہد باز محمد کی کاشف قمر سے گفتگو

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق پانچ بجے ایک مبینہ امریکی جاسوس طیارے سے سڑک پر جانے والے طالبان کے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے گاڑی میں موجود چار جنگجو ہلاک اور چار زخمی ہوئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی ہے جبکہ جائے وقوعہ کے قریب واقع چند دوکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ واقعہ کے بعد طالبان نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر لاشیں کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردی ہیں۔

ایک سرکاری اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والے پنجابی طالبان ہیں۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان حملوں کے ردعمل میں ملا نذیر اور بیت اللہ گروپ کے طالبان کی جانب سے بھی قبائلی علاقوں، صوبہ سرحد اور پنجاب میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔