Advertisement
آخری وقت اشاعت: Monday, 23 March, 2009, 17:08 GMT 22:08 PST

مل جل کر مسائل حل کرنے کا اعلان

نواز شریف

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی صدر آصف علی زرداری کے ساتھ کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے

پاکستان کی حزب مخالف کی بڑی جماعت مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے ساتھ ملکر ملکی مسائل کے حل کرنے کا اعلان کیا ہے۔


انہوں نے یہ اعلان تئیس مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ملک بھر سے مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

نواز شریف نے اپنے خطاب میں یہ اعلان کیا کہ وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ملکر پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے ہیں اور وہ مسائل کے حل کے لیے پیپلزپارٹی کے ساتھ تعاون کریں گے۔

نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی صدر آصف علی زرداری کے ساتھ کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے بلکہ وہ صرف ان وعدوں کی پاسداری چاہتے تھے جو ان سے کیے گئے۔


انہوں نے اپنی تقریر میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو مفاہمت کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے سب ملکر بیٹھیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ آؤ سب ملکر ملک سے انصاف کی عمل داری کو یقنی بنائیں، لاقانونیت، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ فاٹا اورسوات کی صورت حال کو ٹھیک کرنے کے لیے مذاکرات کیے جائیں جبکہ ہندوستان سے تعلقات بہتر کرنے اور کشمیر کے حل کے لیے بات کی جائے۔

مسلم لیگ نون کے قائد نے کہا کہ سولہ مارچ کا دن ملک کی تاریخ میں کسی انقلاب سے کم نہیں ہے اور ان کے بقول جو فیصلہ ایوانوں میں نہ ہوسکا وہ عوام نے کر دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ججوں کی بحالی کے وعدہ پر عمل کیا جاتا تو لانگ مارچ کی نوبت نہ آتی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے لانگ مارچ ذاتی نہیں بلکہ قومی مفاد کے لیے کیا تھا ۔

ان کا کہنا ہے کہ آج ایوانوں سے فیصلے ہونے چاہیے اور سڑکوں فیصلے ہوئے ہیں اس سے سب کی آنکھیں کھل جانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو اپنی طاقت احساس ہوگیا اور اب عوام اس کو برقرار رکھیں۔نواز شریف کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ سے شروع ہونے والا معاملہ اب آگے بڑھے گا۔


بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔