 |
|
 |
|
| یونان: پاکستانی ڈوب گئے |

جولائی میں اٹلی نےتقریباً اسی غیر قانونی تارکین وطن کو پاکستان واپس بھیجا تھا
|
یونان میں کم سے کم بائیس غیر قانونی تارکین وطن ڈوب کر مر گئے ہیں اور یونانی حکام نے بتایا ہے کہ لاشوں سے برآمد ہونے والے کاغذات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان میں سے کئی پاکستانی تھے۔
یونانی حکام نے بتایا ہے کہ یہ لاشیں ترکی اور یونان کی سرحد کے قریب دریائے ایوروس سے ملی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لاشیں چار پانچ روز سے دریا میں تھیں اور مزید لاشیں برآمد کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
خیال ہے کہ یہ تارکین وطن یونان میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ڈوب گئے تھے اور یہ اس لئے ہوا کہ کشتی پر بہت زیادہ لوگ لدے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں کی عمریں پچیس اور تیس برس کے درمیان تھیں۔ ان میں دو عورتیں بھی شامل تھیں۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ایلیکسانڈروپولس یونیورسٹی اسپتال لے جایا گیا ہے۔
غیر قانونی تارکین وطن کو یورپ میں لانے کے لئے ترکی اور یونان کا راستہ بہت استعمال ہوتا ہے۔ پچھلے سال ایوروس کے علاقے میں دس ہزار سے زیادہ غیر قانونی تارکین وطن پکڑے گئے۔
حال میں سری لنکا میں ایک سو تراسی پاکستانی پکڑے گئے تھے جو روزی کی تلاش کے مقصد سے یورپ میں غئر قانونی طور پر جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
اور پچھلے سال اٹلی میں تقریباً اسی پاکستانی تارکین وطن کو گرفتار کر لیا گیا تھا جن کو کئی ہفتے قبل پاکستان واپس بھیجا گیا۔ |
|
 |