 |
|
 |
|
| پاکستان:کرکٹ ٹیم کااعلان |

انضمام ٹیم میں دوبارہ شامل
|
پاکستان کی قومی سیلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے پندرہ رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان چیف سیلیکٹر عامر سہیل نے ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
ٹیم میں تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین انضمام الحق کے علاوہ سات نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ نئے کھلاڑیوں میں بیٹسمین سعید بن ناصر، فرحان عادل اور فاسٹ باؤلر محمد خلیل نے اب تک قومی ٹیم کی طرف سے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے جبکہ یاسر حمید، محمد حفیظ، عمر گل اور شبیر احمد ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں۔
اس سال کے آغاز میں ورلڈ کپ میں شکست کے بعد بورڈ نے قومی ٹیم کی تشکیلِ نو کا اعلان کیا تھا۔ ابتدائی طور پر انضمام الحق سمیت سات دیگر سینیئر کھلاڑیوں کو بھی ٹیم سے خارج کردیا گیا تھا۔
اب سیلیکشن کمیٹی کے اس حالیہ اعلان کے بعد ٹیم میں شعیب ملک، دانش کنیریا، یوسف یوحنا، توفیق عمر، مصباح الحق اور شعیب اخترکو شامل کرلیا گیا ہے۔ راشد لطیف ٹیم کے کپتان ہیں۔ وسیم اکرم اور سعید انور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ ثقلین مشتاق، شاہد آفریدی اور وقار یونس بدستور ٹیم سے باہر ہیں۔
ٹیم کی تشکیلِ نو، بیٹنگ لائن کے عدم استحکام اور کارکردگی میں کمی کے باعث کی گیا ہے۔ قومی سیلیکشن کمیٹی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ون ڈے سیریز میں مزید کچھ کھلاڑیوں کو آزمایا جائے گا۔
یاد رہے غیر ملکی ٹیموں نے تقریباً ایک سال چار ماہ کے عرصے کے بعد پاکستان میں کرکٹ میچوں کے لئے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ آئندہ چھ ماہ کے دوران بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔
بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے سترہ اگست کو پاکستان کے لئے روانہ ہو رہی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان خالد محمود نے کہا تھا کہ اگر وہ اپنی اہلیت کا مظاہرہ نہ کر سکے تو اپنے عہدے سے دستبردار ہوجائیں گے۔ |
|
 |