|
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
ٹرمینیٹر سیاست میں
ہالی وڈ کے مشہور اداکار آرنلڈ شوارزنیگر نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں گورنر کے انتخاب کے لئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔ کیلی فورنیا کے گورنر کے عہدے کے لئے ایک سو کے قریب امیدوار میدان میں اترے ہیں جن میں آسٹریا میں پیدا ہونے والے شوارزنیگر سب سے نمایاں ہیں۔ چھپن سالہ شوارزنیگر سیاست میں نووارد ہیں لیکن مبصرین کے خیال میں اس وقت وہ انتخابی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ اس انتخاب میں سیاستدانوں کے علاوہ کچھ روایتی امیدوار بھی سامنے آئے ہیں جن میں عریاں فلموں میں کام کرنے والی ایک اداکارہ انجلین اور اسی طرح کے ایک جریدے کے ناشر لیری فلنٹ بھی شامل ہیں۔ کیلی فورنیا میں مالی بحران کے باعث وقت سے پہلے سات اکتوبر کو انتخابات ہو رہے ہیں جن میں طے ہوگا کہ موجودہ گورنر گرے ڈیوس کو جن کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے اپنے عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے یا نہیں۔ گورنر گرے ڈیوس کا کہنا ہے کہ ان کے مخالف سب ہی امیدوار کھوکھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چٹکلوں کی مدد سے انسان صرف حد تک ہی آگے جا سکتا ہے۔ شوارزنیگر جب لاس اینجلس میں اپنے کاغذات جمع کروانے گئے تو ان کے حمایتیوں کا ایک گروہ ان کے استقبال کے لئے وہاں موجود تھا۔ انہوں نے ساڑھے تین ہزار ڈالر فیس جمع کرانے اور کاغذی کارروائی کی تکمیل سے پہلے لوگوں سے مصاحفہ کیا اور آٹوگراف دیئے۔ شوارزنیگر کا تعلق رپبلکن پارٹی سے ہے۔ ابھی انہوں نے انتخابی حکمت عملی وضع نہیں کی لیکن ان کا کہنا ہے کہ اقتصادی پالیسیوں کے حوالے سے وہ قدامت پسند ہیں اور اپنے آپ کو سماجی اعتدال پسند کہتے ہیں۔ سنیچر کو کاغذات جمع کروانے والوں میں سیاسی مبصر اور ماحولیات کے لئے کام کرنے والی آریانہ ہفنگٹن شامل ہیں جنہوں نے شوارزنیگر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیپ پر آئے ہیں جب کہ ان کو ماحولیات دوست گاڑی پر سفر کرنا چاہیے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
|
|
|
| BBC Languages >> BBC World Service >> BBC Weather >> BBC Sport >> BBC News >> | |
|
|
|