 |
|
 |
|
| بی بی سی کو دھمکیاں؟ |

بی بی سی چیئرمین گیوِن ڈیویس
|
بی بی سی کے چیئرمین گیوِن ڈیویس نے الزام لگایا ہے کہ ڈاکٹر ڈیوڈ کیلی کی موت کے معاملے پر بعض وزراء ادارے کی آزادی اور غیرجانبداری کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔
برطانوی روزنامہ ڈیلی ٹیلی گراف میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں انہوں نے لکھا ہے کہ حکومت بی بی سی کو ’قابو‘ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ان کا خیال ہے کہ بعض وزراء عراق میں وسیع تباہی کے ہتھیاروں سے متعلق خبریں نشر کرنے پر بی بی سی کو سزا دینا چاہتے ہیں۔
تاہم ثقافت، ذرائع ابلاغ اور کھیل سے متعلق سرکاری محکمے کے ترجمان نے تردید کی ہے کہ حکومت بی بی سی کے چارٹر کی تجدید کے موقع کو ادارے پر دباؤ ڈالنے کے لئے استعمال نہیں کرے گی۔
اگلے چند روز میں لارڈ ہٹن کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیشن عراقی ہتھیاروں کے برطانوی ماہر ڈاکٹر ڈیوڈ کیلی کی بظاہر خودکشی کی تحقیقات شروع کرے گا۔
بی بی سی کے چیئرمین نے الزام لگایا ہے کہ بعض حکومتی ذرائع بی بی سی کے فنڈ میں کمی، ڈائریکٹر جنرل گریگ ڈائک کی برطرفی اور اس کے چارٹر میں ترمیم کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ |
|
 |