 |
|
 |
|
| پلیز اپنی ٹائی ڈھیلی کر لیں۔۔۔ |

عابدہ پروین گلوکاری میں مگن
|
تحریر: ایلیا حیدر، بی بی سی اردو ڈاٹ کام
’پلیز اپنی ٹائی ڈھیلی کر لیں۔۔۔ہمیں ایسے سوبر ماحول میں پرفارم کرنے کی عادت نہیں ہے۔‘ پاکستان پاپ گروپ جنون کے علی عظمت کی اس آواز نے مجمعے کو جگانے کی کوشش کی، جو بقول گروپ کے لیڈ گیٹارسٹ سلمان احمد، اپنی نشستوں پر یوں چپک کر بیٹھا تھا جیسے یہ موسیقی کا پروگرام نہیں بلکہ کوئی مشاعرہ ہو۔
علی عظمت کی آواز پر لبیک کہنے والے کوئی اور نہیں، پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف تھے، جنہوں نے نہ صرف اپنی سرخ ٹائی کی ناٹ ڈھیلی کی، اپنا کالا کوٹ اتارا اور باقاعدہ ’جذبۂ جنون‘ کے تحت اپنی نشست سے اٹھ کر زور زور سے تالیاں بجائیں۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ نظر آ رہا تھا کہ وہ گنگنا بھی رہے تھے۔ کوٹ تو شاید انہوں نے ہال میں شدید گرمی سے تنگ آ کر اتارا تھا کیونکہ وہ تمام وقت پروگرام گائڈ سے پنکھا جھلتے رہے جبکہ ان کے پہلو میں بیٹھی ان کی اہلیہ صہبا مستقل اپنے میک اپ کو درست رکھنے کے لیے ٹشو پیپر سے چہرے پر آنے والا پسینہ پونچھ رہی تھیں۔
صہبا پرویز مشرف نے گہرے نیلے رنگ کا جوڑا لندن کے ابر آلود موسم کو مدِنظر رکھتے ہوئے پہنا تھا لیکن ہال میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی اور اے۔سی کی ناپیدگی نے لوگوں کا بیٹھنا دشوار کر دیا تھا۔
اگرچہ پاکستانی سفیر اور ان کے عملے کے متعدد ارکان صدر کے احترام میں شدید گرمی کے باوجود اپنے کوٹ اتارنے سے قاصر رہے۔
پروگرام کے دوران متعدد بار ایسا ہوا کہ لوگوں کی توجہ اسٹیج کے بجائے فلور۔ٹو کی جانب مبذول ہو گئی۔
اس کی وجہ صدر مشرف کا بار بار کھڑے ہو کر موسیقاروں اور فنکاروں کو داد دینا تھا۔
اس شو کے دوران حیرت انگیز طور پر کسی کیمرے نے صدر مشرف کو فوکس کیا نہ ہال میں موجود فوٹوگرافروں نے ایسی کوئی زحمت کی۔
شاید اس کی وجہ برطانیہ کا روایتی ماحول ہے جہاں آدمی خود سے زیادہ کسی پر توجہ نہیں دیتا۔
اس بارے میں:
پاکستان کے نام ایک شام |
|
 |