 |
|
 |
|
| بُش پر بھی جھوٹ کا الزام |

’ہم سب کو گمراہ کیا‘ صدارتی امیدوار سینیٹر کیری
|
امریکہ کے صدر جارج بُش نے برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلئیر پر عراق میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے سلسلےمیں ہونے والی تنقید کو غلط قرار دیا ہے اگرچہ انہیں خود بھی مبینہ عراقی ہتھیاروں کی اطلاعات کے بارے میں مبالغہ آرائی کے نئے الزامات کا سامنا ہے۔
آئندہ انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار کے لئے نامزدگی کے خواہاں سینیٹر جان کیری نے بُش انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عراق پر حملے کا جواز پیدا کرنے کے لئے لوگوں کو گمراہ کیا۔
کیری سن دو ہزار چار میں ہونے والے صدارتی امیدوار کے طور پر حصہ لینے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ صدر بُش نے ’ہم سب کو گمراہ کیا تھا‘۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس اس معاملے کی تہہ تک جائے گی۔
امریکہ میں سینیٹ اور کانگرس کی دو کمیٹیاں مذکورہ عراقی ہتھیاروں کی موجودگی کی اطلاعات کی صداقت کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہیں کیونکہ اب تک عراق میں ان ہتھیاروں کی موجودگی کی کوئی شہادت حاصل نہیں ہو سکی۔
سینیٹر کیری کا کہنا ہے کہ صدر بُش نے نہ صرف امریکہ کی بلکہ ان کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا ہے اور وہ انتخابی مہم کے دوران اس موضوع پر مسلسل بات کریں گے۔
امریکی صدر عراق میں مہلک ہتھیاروں کی موجودگی کے بارے میں برطانیہ میں جاری بحث سے نہ صرف بیزار ہیں بلکہ ناراض ہیں اور شاید پریشان بھی کہ کہیں یہ بحث امریکہ میں بھی نہ چھڑ جائے۔
صدر جارج بُش نے ماضی کے بر عکس جب وہ برطانوی وزیر اعظم کی پر عمومی طور پر تعریف کرتے رہے ہیں اس بار ٹونی بلئیر کی حمایت میں تفصیلی بیان دیا ہے۔ جارج بُش کا کہنا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم نے بالکل درست اطلاعات کی بنیاد پر جنگ کی حمایت کی تھی۔ |
|
 |