ملک اور ملک سے دور رہنے والوں کے حالات زندگی پر مبنی ڈراموں کے دو مجموعوں ’جڑیں‘ اور ’پاسپورٹ‘ کی حال ہی میں لندن میں رونمائی ہوئی۔
صحافی اور ڈرامہ نگار اچلا شرما کے تحریر کردہ یہ مجموعے پانچ پانچ ڈراموں پر مشتمل ہیں۔ یہ دونوں مجموعے ہندی زبان میں شائع کیے گئے ہیں۔
اچلا شرما کے ریڈیو ڈرامے بی بی سی ہندی سروِس پر نشر کیے گئے ہیں اور گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد دہشت گردی کے موضوع پر ان کا ڈرامہ ’کیا کہتی ہے شیوانی‘ کافی مقبول ہوا۔
لندن میں ایک تقریب کے دوران ’جڑیں‘ اور ’پاسپورٹ‘ کی رونمائی معروف ہندی ادیب کرتی چودھری نے کی۔
جیسا کے نام سے ظاہر ہے، ’جڑیں‘ ملک میں رہنے والوں کی
اچلا شرما: صحافی اور ڈرامہ نگار
زندگی کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ ’پاسپورٹ‘ میں اچلا شرما ملک سے دور رہنے والوں کی زندگی کو ضبط تحریر میں لائی ہیں۔
تقریب کے دوران کرتی چودھری نے کہا: ’اچلا کے ڈراموں کے کردار عام زندگی سے جڑے ہوئے ہوتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ایک ڈرامہ نگار کی کامیابی عام آدمی کی زندگی کو منظر عام پر لانا ہوتا ہے اور اچلا شرما اپنے ان مجموعوں کے ذریعے اپنی اس کوشش میں کامیاب رہی ہیں۔
ایک کامیاب ڈرامہ نگار ہونے کے علاوہ اچلا شرما بی بی سی ہندی سروِس کی سربراہ بھی ہیں۔
بی بی سی ہندی سروِس کے سابق سربراہ کیلاش بدھوار نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا: ریڈیو کی بھاگ دوڑ میں مصروف ہونے کے باجود اچلا جس شاندار طریقے سے یہ ڈرامے سامعین تک پہنچانے میں کامیاب رہی ہیں، اس کے لئے میں اچلا کو سلام کرتا ہوں۔‘
اچلا شرما نے ان مجموعوں کی اشاعت کو ممکن بنانے کے لئے مرحوم صحافی اور مشہور ہندی ادیب اونکار ناتھ شریواستو کی کاوشوں کو سراہا۔
اچلا کے ڈراموں کے کردار عام آدمی کی زندگی کی عکاسی کرتے ہیں اور ایک ڈرامہ نگار کی کامیابی بھی یہی ہے۔
کرتی چودھری
’جڑیں‘ اور ’پاسپورٹ‘ کے بارے میں مبصرین کا کہنا تھا کہ اچلا نے چاہے اچھوتے مسائل پر بات نہیں کی لیکن انہوں نے اپنے کرداروں کے انتخاب میں کافی ہمت سے کام لیا ہے۔
اچلا شرما نے بطور صحافی امریکی ریڈیو ’وائس آف امریکہ‘ اور ہندوستانی ریڈیو ’ آکاشوانی‘ کے لئے بھی کام کیا ہے۔ ان کے دو ناول اور کہانیوں کے تین مجموعے پہلے شائع ہوچکے ہیں۔
لندن میں پاسپورٹ اور جڑیں کے اجراء کے موقع پر ان کے ڈرامہ ’کیا کہتی ہے شیوانی‘ کا ایک حصہ اسٹیج کیا گیا۔ ناظرین نے بروڈکاسٹر اور ڈرامہ نگار پرویز عالم اور ممتا گپتا کی اداکاری کو سراہا۔
’جڑیں‘ میں شامل ڈراموں کے نام ہیں: صبح ہونے تک، کیا چاہتی ہے شیوانی، ایک گھر کی کہانی، رشتہ اور جڑیں۔ ’پاسپورٹ‘ میں شامل ڈرامے ہیں: کہانی کا اختتام، اپنا سچ، سپنوں کی سرحدیں، پریت اور پرندے۔
یہ ڈرامے بی بی سی ہندی سروِس پر نشر کیے جاچکے ہیں۔ ان دونوں مجموعوں کے ناشر ہیں راجکمل پرکاشن۔