 |
|
 |
|
| رشدی کےناول پرمبنی ڈرامہ |

رشدی کو اس ناول پر انیس سو ترانوے میں بکر ایوارڈ ملا
|
برطانیہ کی رائل شیکسپیئر کمپنی نے متنازع ناول نگار سلمان رشدی کے بُکر ایوارڈ یافتہ ناول مڈنائٹس چلڈرن پر مبنی ڈرامے کو سٹیج کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔
یہ ڈرامہ لندن کے معروف تھیٹر ہال باربیکن میں پیش کیا جا رہا ہے۔
اگرچہ باربیکن تھیٹر سے رائل شیکسپیئر کمپنی کی وابستگی بہت پرانی ہے لیکن گزشتہ بیس برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ رائل شیکسپیئر تھیٹر کمپنی اپنا کوئی ڈرامہ باربیکن ہال میں سٹیج کر رہا ہو۔
بیس سال پہلے رائل شیکسپیئر کمپنی کے آرٹسٹک ڈائریکٹر اینڈرین نوبل نے باربیکن تھیٹر کو چھوڑ کر شہر کے باقی تھیٹر مراکز میں ڈرامے سٹیج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
رائل شیکسپیئر کمپنی کے مطابق سلمان رشدی کے ناول مڈنائٹس چلڈرن کی ڈرامائی تشکیل کا کام جولائی سن دو ہزار ایک میں شروع ہوا۔
اس کام میں خود سلمان رشدی کے علاوہ رائل شیکسپیئر کمپنی کے آرٹسٹک ڈائریکٹر ٹم سپل اور ڈرامہ نگار سائمن ریڈ شامل ہیں۔
اس ڈرامے میں کام کرنے کے لئے منتخب کئے گئے سارے اداکار برطانیہ نژاد ایشیائی ہیں۔ ڈرامے میں کام کرنے والے بیس اداکاروں میں سے زوبن ورلا سلیم کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ثمینہ زہرہ پدمنا اور کلوندرگھیر آدم کی روپ میں سامنے آئیں گے۔
مڈنائٹس چلڈرن پانچ ہفتے تک باربیکن تھیٹر ہال میں پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد یہ ٹیم امریکہ روانہ ہو جائے گی جہاں یہ ڈرامہ مشیگن اور نیویارک کے تھیٹر ہالوں میں پیش کیا جائےگا۔
واپسی پر رائل شیکسپیئر کمپنی برطانیہ بھر کا دورہ کرے گی اور یہ ڈرامہ ابرڈین، ناٹنگھم، برمنگھم، باتھ، لیڈز، ملٹن، کینز، ناروچ اور سالفورڈ کیز کے تھیٹرہال میں پیش کیا جائے گا۔
سن انیس سو اکیاسی میں شائع ہونے والے ناول مڈنائٹس چلڈرن میں پندرہ اگست سن انیس سو سینتالیس کو آزادئ ہند کے موقع پر پیدا ہونے والے دو بچوں کی زندگیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
ناول کو سن انیس سو ترانوے میں بُکر آف بُکرز ایوارڈسے نوازہ گیا جس کے ساتھ ہی ایک ادیب کے طور پر سلمان رشدی کی اہمیت مسلم ہوگئی۔ |
|
 |